مہاراشٹر: اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کا لیا حلف، نواب ملک کی بھی ہوئی حلف برداری

اُدھو ٹھاکرے حکومت کے قیام کے تقریباً ایک ماہ بعد آج ریاستی کابینہ میں توسیع ہوا۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے 36 نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: مہاراشٹر کی تین سیاسی پارٹیوں کانگریس،این سی پی اور شیوسیناپر مشتمل مخلوط حکومت مہاوکاس اگھاڑی کے قیام کے ایک ماہ بعد آج یہاں ریاستی کابینہ میں توسیع عمل میں آئی جس کے دوران گورنر بھگت کوشیاری نے36 نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس دوران این سی پی کے لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کا حلف لیا جبکہ کل ملا کر کابینی اور ریاستی درجہ کے36؍وزراء کی حلف برداری عمل میں آئی۔ حلف لینے والے کچھ اہم وزراء کی تفصیل اس طرح ہے...

شیوسینا:

  • رویندر رائیکر: شیوسینا کے تیز طرار رکن اسمبلی ہیں یہ ممبئی کے مضافات جوگیشوری علاقے سے سینا رکن اسمبلی ہیں۔ سابق بی جے پی حکومت میں ریاستی درجے کے وزیررہے تھے۔
  • اودئے سامنت: سرکاری ادارے مہاڈا کے چیئرمن ہیں اور خطہ کوکن سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ اس سے قبل کانگریس حکومت میں وہ ریاستی وزیر تھے۔گلاب راو پاٹل کا تعلق جلگاؤں سے ہے، یہ بھی پچھلی حکومت میں وزیر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
  • دادابھوسے: شہر مالیگاوں کے آوٹر سے تیسری مرتبہ شیوسینا کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر آئے ہیں ۔ اس سے قبل وہ مہاراشٹر حکومت میں وزیر کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
  • انیل پرب: شیوسینا کے قانون ساز کونسل کے رکن ہیں پیشے سے وکیل ہیں اور عدالتوں میں شیوسینا کے سیاسی معاملات کی یہی دیکھ ریکھ کرتے ہیں۔
  • یواکر راوتے: ممبئی کے سابق میئر رہ چکے ہیں۔1995 سے1999 کے درمیان وہ کابینی درجے کے وزیر تھے فی الوقت وہ قانون ساز کونسل کے رکن ہیں۔

کانگریس:

  • اشوک چوہان: وہ سابق وزیر اعلی ہیں۔ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ شہر کے بھوکر حلقہ انتخاب سے رکن اسمبلی منتخب ہوئےہیں ۔اقلیت دوست و رہنما ہیں۔
  • پرتھو راج چوہان: سابق مرکزی وزیر و مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی بھی ہیں۔ستارہ ضلع کے کراڑ حلقے انتخاب سے رکن اسمبلی ہے۔
  • کے سی پاڑوی: ریاست مہاراشٹر کے ادیواسی گنجان آبادی والے علاقے نندوربار کے اکل کوا حلقہ انتخاب سے رکن اسمبلی ہیں۔ ان کا شمار قدآور ادیواسی رہنما کے طور سے ہوتا ہے۔
  • وجے بیٹیوار: ریاست کے ودربھ ضلع سے ان کا تعلق ہے پچھلی حکومت میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر فائز تھے۔ گزشتہ پانچ مرتبہ سے وہ ودربھ کے ساونیر ودھان سبھا سے منتخب ہو کر آرہے ہیں۔
  • امیت دیشمکھ: آنجہانی کانگریس لیڈر ولاس راو دیشمکھ کے فرزند ہیں۔کانگریس قیادت والی پچھلی حکومت میں وزیر کے فرائض انجام دےچکے ہیں۔ لاتور شہر سے ان کا تعلق ہے۔
  • یشومتی ٹھاکر: ودربھ کے تیواسا حلقہ انتخاب سے تیسری مرتبہ کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر ایم ایل اے بنی ہیں۔وکالت کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد میدان سیاست میں قدم رکھنے والی کانگریس کی خاتون رکن اسمبلی کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ ریاست کے مسلمانوں کو در پیش مسائل پر اسمبلی میں برابر سے آواز اٹھاتی ہیں۔کانگریس پارٹی نے انہیں نارتھ ایسٹ اورکرناٹک انتخابات کے دوران مشاہد بھی بنایا تھا۔
  • ستیج پاٹل: کانگریس حکومت نے وزیر داخلہ رہ چکے ہیں۔قانون ساز کونسل کے رکن ہیں ریاست کے کولہاپور شہر سے ان کا تعلق ہے۔
  • وشوجیت کدم: آنجہانی کانگریس لیڈر پتنگ راو کدم کے فرزند ارجمند ہیں سانگلی ضلع کے پلوس کڑے گاوں سے رکن اسمبلی ہیں۔
  • امین پٹیل: اپنی سیاسی زندگی کا آغاز بہ حیثیت میونسپل کونسلر کیا بعدمیں کانگریس رکن اسمبلی بنے تیسری مرتبہ شہر کے گنجان مسلم آبادی والے علاقے ممبادیوی سے کانگریس رکن اسمبلی ہیں۔ وہ مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے ڈائرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
  • ورشا گائیکواڑ: ممبئی کے دھاراوی علاقے سے رکن اسمبلی ہیں۔ مہاراشٹر کی کانگریس حکومت میں کابینی وزیر بھی رہ چکی ہے۔
  • پرینیتی شندے: شستہ اردو لہجے میں گفتگو کرنے کابھی خوبصورت رکن اسمبلی کا تعلق شولاپور شہر سے ہے وہ دوسری مرتبہ ایم ایل اے بنی ہیں۔ سابق وزیراعلی و سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کی دختر ہیں۔

این سی پی:

  • اجیت داداپوار: مہاراشٹر کے مشہور اسمبلی حلقہ انتخاب بارہ متی سے تعلق رکھنے والے اجیت دادا پوار دو مرتبہ ریاست کے نائب وزیر اعلی کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ کانگریس این سی پی حکومت میں وہ نائب وزیر اعلی تھے اور حال ہی میں مہاراشٹر میں اقتدار میں تبدیلی سے قبل بی جے پی لیڈر دیوندرفڑنویس کے ہمراہ نائب وزیر اعلی کا حلف لیاتھا لیکن80 گھنٹوں کے بعد ہی انہوں نے استعفیٰ دے کر این سی پی میں شامل ہوگئے۔

  • نواب ملک: ایسا مسلم چہرہ ہے جس نے مہاراشٹر میں اقتدار میں تبدیلی سے قبل قومی سطح پر تشہیر پائی تھی آپ راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے ترجمان بھی ہیں ممبئی کے مضافات انوشکتی نگر سے رکن اسمبلی ہیں اس سے قبل مہاراشٹر کی حکومت میں کابینی درجے کے وزیر تھے۔
  • راجیش ٹوپے: ان کا تعلق مراٹھوڑہ سےہے گھنسوانگی حلقہ انتخاب سے ایم ایل اے ہیں۔ اس سے قبل مہاراشٹرکی کانگریس حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔
  • دلیپ ولسے پاٹل: 7؍ویں بار امبے گاوں ودھان سبھا سے جیت کر آئے ہیں۔ اس سے قبل مہاراشٹر وزیر کے علاوہ ودھان سبھا کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔
  • دھننجئے منڈے: بیڑ کے ورلی ودھان سبھا سے جیت کر آئے ہیں۔ سابق ایم ایل سی نے اس حلقہ سے وزیر پنکجا منڈے کو شکت دے کر آئے ہیں۔منڈے قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر بھی فائز تھے اور انہوں نے ماضی کی سینا بی جے پی حکومت کی جانب سے کیے گئے مبینہ گھپلوں کو بھی منظر عام پر لائے تھے۔
  • حسن مشرف: ریاست کے کولہاپور شہر کے کاگل نامی حلقہ انتخاب سے راشٹر وادی کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں انہیں تیسری مرتبہ ایم ایل اے بننے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ کانگریس حکومت میں وہ کابینی درجہ کے وزیر بھی تھے۔ ان کے بھائی ایس ایم مشرف سابق آئی پی ایس آفیسر ہیں اور انہوں نے بھگوا دہشت گردی کے تعلق سے ایک کتاب لکھی ہے جس کی اشاعت کے بعد ریاست میں کھلبلی مچ گئی تھی۔
  • روہیت پوار: نوجوان رکن اسمبلی کرجت کے جام کھیڑے سے پہلی مرتبہ ایم ایل اے بنے ہیں این سی پی سربراہ شرد پوار کے بڑے بھائی اپا صاحب پوار کے فرزند ہیں۔
  • ایل دیشمکھ: ناگپور سے قریب کاٹول حلقہ انتخاب سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ شردپوار کے قریبی ساتھیوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ پچھلی کانگریس حکومت میں کابینی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
  • سنگرام جگتاپ: احمد نگر شہر سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ بی جے پی لیڈر شیواجی راو کرڈیلے کے داماد ہیں ۔ اور شرد پوار کے ان کے گہرے مراسم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔