اجیت پوار طیارہ حادثہ: جانچ کے لیے بھاری بھیڑ کے ساتھ بارامتی پولیس اسٹیشن پہنچے روہت پوار، دھرنا شروع
این سی پی (ایس پی) کے ممبر اسمبلی روہت پوار نے حادثے پر شبہات کا کاظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وی ایس آر کمپنی اور اجیت پوار طیارہ حادثہ کے ذمہ دار ڈی جی سی اے حکام کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

این سی پی کے آنجہانی لیڈراجیت پوار کے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس سلسلے میں آج (26 فروری) بارامتی پولیس اسٹیشن کے سامنے کارکنوں کی بھاری بھیڑ جمع ہوگئی ہے۔ این سی پی (ایس پی) کے ممبراسمبلی روہت پوار معاملہ درج کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے سینئر افسران سے رابطہ کیا۔ اس دوران پارٹی کارکنان تھانے کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں اور نعرے لگارہے ہیں۔
روہت پوار اور ان کے بھائی یوگیندر پوار نے جمعرات کو بارامتی پولیس سے رابطہ کرکے 28 جنوری کے ہوئے طیارہ حادثے کے سلسلے میں وی ایس آر وینچرز کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ قدم روہت پوار کی جانب سے ممبئی کے میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں وی ایس آر وینچرز اور اس کے ڈائریکٹروں کے خلاف اسی طرح کی شکایت درج کرانے کے ایک دن بعد اُٹھایا گیا ہے۔
روہت پوار نے مطالبہ کیا کہ وی ایس آر کمپنی اور اجیت پوار طیارہ حادثہ کے ذمہ دار ڈی جی سی اے حکام کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ اس مطالبے کے ساتھ روہت پوار بارامتی پولیس اسٹیشن پہنچے۔ وہاں بڑی تعداد میں کارکن بھی جمع ہوئے ہیں۔ اس موقع پر روہت پوار نے صاف طور پر کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے تک وہ یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔
دریں اثنا آنجہانی این سی پی لیڈر اجیت پوار کے لیے ’انصاف‘ کا مطالبہ کرنے والے پیغامات لکھی ہوئی تختیار اٹھائے بڑی تعداد میں حامیوں کی حمایت سے روہت پوار اور یوگیندر پوار نے آج صبح بارامتی تعلقہ پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی۔ اس دوران یوگیندر پوار نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ وی ایس آر وینچرز کے خلاف ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے۔ ہم اس لڑائی میں روہت دادا کی حمایت کرنے آئے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اجیت دادا کو انصاف ملے اور حادثے کی تحقیقات میں تیزی لائی جائے۔
معلوم ہو ہے کہ آنجہانی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا طیارہ 28 جنوری کو گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں اجیت پوار اور 5 دیگر افراد کی موت ہو گئی تھی۔ وی ایس آر کمپنی کا یہ طیارہ جو ممبئی سے صبح روانہ ہوا تھا، صبح 8:45 بجے بارامتی ہوائی اڈے کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ حادثے گرنے کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔ دریں اثناء کئی لوگوں نے اس طیارہ حادثے پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔ ایم ایل اے روہت پوار نے بھی کچھ سوالات اٹھائے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ حادثے میں بلیک باکس بھی تباہ ہوگیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔