ائیرپورٹ اتھارٹی نے میوزیشین ٹی ایم کرشنا کا پروگرام منسوخ کیا
مشہور و معروف میوزیشین ٹی ایم کرشنا نے پروگرام منسوخ کیے جانے کے باوجود کہا ہے کہ وہ 17 نومبر کو دہلی آئیں گے اور گائیں گے۔ انھوں نے لوگوں سے دہلی میں ایک اسٹیج کا انتظام کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

ہندوستانی شاستریہ سنگیت میں مشہور گلوکار ٹی این کرشنا کا دہلی میں 17 نومبر کا مقررہ ایک پروگرام رَد کر دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا اور اس کے کلچرل گروپ اسپک-میکے کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ لیکن اس سے پہلے سوشل میڈیا پر مہم چلا کر ہندوتوا پسند ذہنیت کے لوگوں نے ان پر ’ہندوستان مخالف‘ اور ’اربن نکسل‘ ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔
پروگرام منسوخ ہونے کے تعلق سے الزامات لگ رہے ہیں کہ ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے دباؤ میں آ کر پروگرام کو منسوخ کیا ہے۔ حالانکہ ٹی ایم کرشنا نے پروگرام منسوخ ہونے کے باوجود کہا ہے کہ 17 نومبر کو وہ دہلی آئیں گے اور گائیں گے۔ انھوں نے لوگوں سے دہلی میں ایک اسٹیج کا انتظام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حوصلے پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے اور اسٹیج ملنے پر وہ کہیں بھی پیشکش کے لیے تیار ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ہندوتوا ٹرولرس کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلائی گئی ایک مہم کے دباؤ میں ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے کلچرل گروپ اسپک-میکے کی جانب سے ہفتہ کو دہلی میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جس میں کرناٹک طرز کے گلوکار ٹی ایم کرشنا کو بھی اپنی پیشکش دینی تھی۔
گزشتہ 5 نومبر کو ائیر پورٹ اتھارٹی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعہ تقریب کا اعلان کرتے ہوئے فنکاروں کی فہرست بھی جاری کی تھی۔ لیکن اس سے پہلے سوشل میڈیا پر ہندوتوا ٹرولرس نے ان کی اس تقریب میں شامل ہونے کے خلاف ایک مہم چلا دی تھی جس میں ان پر ’ہندوستان مخالف‘ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے انھیں اَربن نکسل بتایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کسی کے دباؤ میں یہ پروگرام رَد کر دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔