مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سنگین، پروازیں متاثر، زائرین کو مشکلات کا سامنا

دہلی سے جانے والے تقریباً 300 زائرین اس وقت ایران کے قم شہرمیں پھنسے ہوئے ہیں۔ 15روز قبل زیارت کے لیے نئی دہلی ایئرپورٹ سے ایران پہنچے لوگوں کی وطن واپسی کا ٹکٹ تہران سے 3 اور 6 مارچ کا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آئی جی آئی ایئرپورٹ (فائل فوٹو)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پرکئے گئے مشترکہ فضائی حملے کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورتحال انتہائی دھماکہ خیزہوچکی ہے۔ اس حملے میں سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں واقع امریکہ کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد زمین سے لے کر آسمان تک افراتفری مچی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود کو بند کرنا پڑا ہے۔ اس صورتحال میں فضائی خدمات یا تومنسوخ کردی گئی ہیں یا متبادل روٹ کے ذریعہ طویل مسافت طے کرکے اپنی منزل پر پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

موجودہ حالات سے وہ ہندوستانی شہری زیادہ پریشان ہیں جو اس وقت ایران یا دیگرخلیجی ممالک میں مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے گئے ہوئے ہیں یا ایئرٹکٹ اور ویزہ کا عمل مکمل کرکے جانے کی تیاری کررہے ہیں۔ وہیں عمرہ کے لیے سعودی عرب کا سفرکرنے والے زائرین بھی پس وپیش میں ہیں۔ اس دوران مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود بند ہونے سے کئی مسافروں کے ایئرپورٹ پر پھنسے ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔


ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ سے ہندوستان کے مسافروں پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا تو نئی دہلی واقع ایک ٹریول ایجنسی کے ذرائع نے’ قومی آواز‘ کو فون پر بتایا کہ ان کے تقریباً 300 زائرین اس وقت ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے 2 قافلے 15 روز قبل ایران زیارت کے لیے نئی دہلی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے تھے جن کی واپسی کا ٹکٹ 3 اور 6 مارچ کا ہے۔ ایسی صورت میں وہ اس وقت ایران کے مذہبی شہر قم میں پھنس گئے ہیں۔ ٹریول ایجنسی کے ذرائع نے بتایا کہ قم میں موجود زائرین ایران واقع ہندوستانی سفارتخانے کے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہم یہاں نئی دہلی میں متعلقہ اتھارٹیز سے رابطہ کررہے ہیں۔

پروازوں کی منسوخی یا تاخیر سے پریشان مسافر ایئرپورٹ پر بھی پھنسے ہوئے بتائے جارہے ہیں۔ ’آئی اے این ایس‘ کے مطابق دہلی ایئرپورٹ پر ایک مسافرنے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث مکہ اور مدینہ کا سفر مشکل ہو رہا ہے کیونکہ لڑائی کی وجہ سے پروازیں متاثرہو رہی ہیں۔ ایک سعودی ایئر لائن ضرور وقت پر کام کر رہی ہے لیکن ہندوستان اوردیگر ممالک کی پروازیں متاثر ہیں، جس سے لوگوں کو بڑی پریشانی ہو رہی ہے۔


اسی دوران عمرہ کے لیے سعودی عرب جارہے ایک خاندان کو دہلی ایئر پورٹ پر پرواز کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان میں سے ایک مسافر نے بتایا کہ ہم عمرہ کرنے مکہ جا رہے ہیں، حالات بہت مشکل ہیں لیکن ہماری باری آئی ہے تو ہم نے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کافی عرصہ پہلے انہوں نے درخواست دی تھی، جب حالات معمول پر تھے۔

اسی دوران امریکی حملے میں ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر ایک خاتون مسافر نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے، یہ جان کر بہت تکلیف ہوئی کہ وہ مذہبی رہنما تھے، وہ ایک پیروکار، مشیر اور سب سے بڑھ کر اسلام کے محافظ تھے، وہ صحیح راہ دکھا رہے تھے، وہ رہنمائی کر رہے تھے اور انہوں نے اپنی آخری سانس تک کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔  انہوں نے کہ یہ بہت بڑی بات ہے اور اس سے ہمیں حوصلہ ملتا ہے کہ ہمیں کسی بھی حالت میں کسی کے آگے جھکنا نہیں چاہئے۔ ہمیں صرف اللہ کے سامنے ہی سرتسلیم خم کرنا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔