پہلے صرف کیجریوال کو کھانسی آتی تھی، اب پوری دہلی کھانس رہی ہے: وجے گویل

سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر وجے گویل نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی طاق-جفت اسکیم کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے آج علی الاعلان طاق نمبر کی گاڑی لے کر سڑک پر نکلے اور چالان کٹوایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر وجے گوئل نے دہلی میں آلودگی کنٹرول کرنے کے لئے پیر سے جاری مسافر گاڑیوں کے آڈ ایون منصوبہ کے خلاف احتجاجاً اپنی طاق نمبر کی گاڑی لے کر سڑک پر نکلے۔ انہوں نے طنز کیا کہ پہلے صرف اروند کجریوال کو کھانسی آتی تھی مگر پانچ سال میں دہلی کی ایسی حالت ہو گئی ہے کہ دارالحکومت کے لوگ کھانس رہے ہیں۔


دارالحکومت میں سانس گھونٹنے والی ہوا اور بھیانک رخ اختیار کرچکی فضائی آلودگی كو کنٹرول کرنے کے لئے دہلی حکومت نے آج تیسری بار طاق جفت -آڈ ایون منصوبہ کی شروعات کی۔ آج گاڑی کے رجسٹریشن کا آخری ہندسہ جفت ہونے پر ہی اسے سڑک پر اتارا جا سکتا تھا۔

طاق نمبر کی گاڑی لے کر نکلے دہلی بی جے پی کے سابق صدر وجے گوئل نے اسے اروند کیجریوال کا علامتی احتجاج بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو بار لاگو کیے گئے منصوبہ سے کوئی فائدہ نہیں ہوا تھا۔ وجے گوئل اپنی سرکاری رہائش 10 اشوک روڈ سے 12 بجے آئی ٹی او کے لئے نکلے، کار میں ان کے ساتھ بی جے پی کے نائب صدر شیام جاجو بھی تھے۔


قابل ذکر ہے منصوبہ کی خلاف ورزی کرنے پر چار ہزار روپے کا جرمانہ بھی ادا کیا۔وجے گوئل نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اب دہلی اسمبلی کا الیکشن قریب ہے اور کیجریوال نے پانچ سال تک تو آلودگی کو کم کرنے کی سمت میں کوئی کام نہیں کیا اور اب آڈ -ایون کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ دہلی حکومت کے ماسک بانٹے جانے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ دارالحکومت کی آبادی دو کروڑ ہے جبکہ ماسک ایک چوتھائی ہی بانٹے گئے ہیں۔

آڈ-ایون منصوبہ کو انتخابی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے وجے گوئل نے اپنی گاڑی خصوصی طور پر تیارکی تھی اور’آڈ-ايون ایک ڈرامہ‘ چسپاں کیاگیاتھا۔ وزیر اعلی پر نشانہ لگاتے ہوئے وجے گوئل نے اروند کیجریوال کی کھانسی پر بھی طنز کیا اور کہا کہ پہلے صرف ان کوکھانسی آتی تھی، مگر اب تو پوری دہلی کے لوگ کھانس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کی حکومت کے دوران مختلف ایشوز پر ہڑتال کی بات کرنے والے وزیر اعلی نے ایک بار بھی آلودگی کے معاملہ پر ہڑتال کیوں نہیں کی۔ انہوں نے دعوی کیاکہ گاڑیوں سے دارالحکومت کی آلودگی میں 28 فیصد حصہ ہے مگر گاڑیوں سے تو یہ صرف تین فیصد ہی ہوتی ہے۔وجے گوئل نے منصوبہ کےخلاف احتجاج کرنے کے لئے طاق عدد نمبر کی گاڑی ’ڈی ایل 3سی سی 2727‘ کا استعمال کیا اور آگے کی نمبر پلیٹ پر’ آڈ ایون ایک ڈرامہ ہے‘ لکھوایا گیا تھا۔


گھر سے نکلنے سے پہلے گوئل نے ٹوئٹ کیا’’پچھلی بار آڈايون کے نام پر عوام کی محنت کی کمائی کے 20 کروڑ روپے برباد کرنے والے کیجریوال نے اس بار 35 کروڑ روپے برباد کر دیئے اور آج سے پھر آڈایون لاگو کر دیا ہے۔ آڈايون محض ایک انتخابی ڈرامہ ہے‘‘۔ اسکیم کی خلاف ورزی کرنے پر آج كئی جگہ دہلی ٹریفک پولس چالان کاٹتی نظر آئی۔ خلاف ورزی کرنے والے اپنے بچاؤ کے لئے طرح طرح کی دلیلیں دیتے نظر آئے مگر وہ بچ نہیں سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔