نئے سال میں مسافروں کو ایئر انڈیا کا تحفہ، اب گھریلو فلائٹ میں بھی پرواز کے دوران فری وائی فائی کا کر سکیں گے استعمال

ایئر انڈیا نے امید ظاہر کی ہے کہ مسافروں کو یہ سہولت کافی پسند آئے گی۔ آنے والے وقت میں ایئر انڈیا کا منصوبہ ہے کہ تمام مسافر بردار طیاروں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے۔

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ایئر انڈیا، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئے سال 2025 کے پہلے ہی دن فلائٹ میں سفر کرنے والوں کے لیے ایک خوش آئند خبر نکل کر سامنے آئی ہے۔ ایئر انڈیا نے اپنے گھریلو روٹ پر سفر کرنے والے مسافرین کو پرواز کے دوران فری وائی فائی کا تحفہ دیا ہے۔ ٹاٹا گروپ کی ایئرلائن ’ایئر انڈیا‘ نے بدھ (یکم جنوری 2025) کو اعلان کیا کہ وہ گھریلو فلائٹ میں وائی فائی فراہم کرنے والی پہلی ایئر لائن بن گئی ہے۔ ایئر لائن نے اس بارے میں مزید بتایا کہ ایئربس اے 350، بوئنگ 9-787 اور منتخب ایئربس اے 321 نیو کی فلائٹ میں سوار مسافرین 10،000 فٹ سے اوپر وائی فائی کا استعمال کرتے ہوئے براؤزنگ کر سکیں گے۔ ساتھ ہی انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو میسج کر سکیں گے۔

ایئر لائن کی جانب سے بتایا گیا کہ وائی فائی سروس لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور آئی او ایس یا اینڈرائیڈ او ایس والے اسمارٹ فون پر مفت دستیاب ہوگی۔ اس طرح مسافر ایک وقت میں متعدد ڈیوائس پر انٹرنیٹ کا استعمال کر سکیں گے۔ واضح ہو کہ وائی فائی سروس ایئر انڈیا کے بین الاقوامی روٹ نیویارک، لندن، پیرس اور سنگاپور پر پہلے سے ہی فراہم کی جا رہی ہے۔ لیکن اب اسے گھریلو روٹ پر پائلٹ پروجیکٹ پروگرام کے تحت شروع کر دیا گیا ہے۔ ایئر انڈیا نے امید ظاہر کی ہے کہ مسافروں کو یہ سہولت کافی پسند آئے گی۔ آنے والے وقت میں ایئر انڈیا کا منصوبہ ہے کہ تمام مسافر بردار طیاروں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے۔


قابل ذکر ہے کہ ایئر لائن نے فلائٹ میں وائی فائی کا استعمال کیسے کریں اس بارے میں بھی جانکاری دی۔ ایئر لائن کے مطابق مسافر اپنی ڈیوائس پر وائی فائی کو فعال کریں اور وائی فائی کی سیٹنگ پر جائیں۔ اس کے بعد ایئر انڈیا وائی فائی نیٹ ورک سیلیکٹ کریں۔ ایک بار براؤزر میں ایئر انڈیا پورٹل پر ری ڈائریکٹ ہونے پر اپنا پی این آر اور آخری نام درج کریں۔ اس کے بعد مسافر مفت انٹرنیٹ کی سہولت کا لطف لے سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔