ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے بعد پھر بھرنے لگا پرواز، بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا، کانگریس لیڈر بھی تھے سوار

مسافروں کی سیکورٹی کو ترجیح دیتے ہوئے پائلٹ نے معیاری اصول کے تحت ’گو-اراؤنڈ‘ کا فیصلہ لیا اور آخری لمحات میں فیصلہ بدلتے ہوئے طیارہ کو دوبارہ ہوا میں اٹھا لیا۔

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا کی پرواز / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

راجستھان کی راجدھانی جئے پور کے ایئرپورٹ پر آج ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا۔ بدھ کی دوپہر دہلی سے جئے پور پہنچی ایئر انڈیا کی فلائٹ ’اے آئی 1719‘ کی لینڈنگ ناکام ہونے سے افرا تفری والی حالت پیدا ہو گئی اور مسافروں میں دہشت پھیل گئی۔ دوپہر تقریباً 1.05 بجے طیارہ نے جئے پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی، لیکن رَنوے کو ٹچ کرتے ہوئے طیارہ واپس ہوا میں اڑ گیا۔ اس کے بعد طیارہ ہوا میں پرواز بھرتا رہا اور تقریباً 10 منٹ کے بعد پائلٹ نے طیارہ کی محفوظ لینڈنگ کرائی۔

موصولہ اطلاع کے مطابق طیارہ کی لینڈنگ کے دوران غیر مستحکم حالات پیدا ہو گئے۔ مسافروں کی سیکورٹی کو ترجیح دیتے ہوئے پائلٹ نے معیاری اصول کے تحت ’گو-اراؤنڈ‘ کا فیصلہ لیا اور آخری لمحات میں فیصلہ بدلتے ہوئے طیارہ کو دوبارہ ہوا میں اٹھا لیا۔ اس کے بعد طیارہ نے ایئرپورٹ کے اوپر کچھ وقت تک چکر لگائے۔ حالات معمول پر آنے کے بعد تقریباً 10 منٹ کے وقفہ پر لینڈنگ کی دوبارہ کوشش ہوئی، اور یہ لینڈنگ کامیاب رہی۔ بعد ازاں طیارہ میں موجود مسافروں نے راحت کی سانس لی۔


موصولہ اطلاع کے مطابق اس فلائٹ میں کانگریس کے ریاستی انچارج سکھجندر سنگھ رندھاوا بھی سوار تھے۔ حادثہ کے دوران کچھ دیر کے لیے مسافروں میں فکر کا ماحول پیدا ہو گیا، حالانکہ کسی طرح کی انہونی نہیں ہوئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اس طرح کی حالت پوری طرح سیکورٹی پیمانہ کے دائرے میں آتی ہے۔ اگر پائلٹ کو کسی بھی سطح پر لینڈنگ محفوظ نہیں لگتی تو وہ طیارہ کو دوبارہ ہوا میں اٹھانے کا فیصلہ لے سکتا ہے۔ جئے پور ایئرپورٹ پر اس سے قبل بھی لینڈنگ ناکام ہونے کے کچھ واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

غور طلب ہے کہ آج صبح ہی مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی چیف اجیت پوار کا ایک طیارہ حادثہ میں انتقال ہو گیا۔ بدھ کی صبح 8.45 بجے بارامتی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ان کا چارٹرڈ طیارہ کریش ہو گیا۔ وہ 66 سال کے تھے۔ اس حادثہ میں پوار کے سیکورٹی اہلکار، 2 پائلٹ اور ایک خاتون عملہ کی اہلکار سمیت 5 لوگوں کی جان گئی۔ پوار مہاراشٹر پنچایت انتخاب کے لیے جلسۂ عام سے خطاب کرنے بارامتی جا رہے تھے۔ وہ ممبئی سے صبح 8.10 بجے روانہ ہوئے تھے۔ پائلٹ نے صبح 8.45 بجے بارامتی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی تھی، لیکن رَنوے صاف دکھائی نہیں دیا تو وہ طیارہ کو دوبارہ اونچائی پر لے گیا، لیکن اسی دوران طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔