ایئر انڈیا کا بڑے طیاروں کی بین الاقوامی پروازوں میں 15 فیصد کٹوتی کا فیصلہ

ایئر انڈیا کے مطابق وہ 20 جون سے اپنے وائڈ-باڈی طیاروں سے چلنے والی بین الاقوامی پروازوں میں 15 فیصد کی کمی کرے گا۔ یہ فیصلہ جولائی کے وسط تک نافذ رہے گا۔

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

احمد آباد میں ہوئے افسوسناک طیارہ حادثہ کے بعد ایئر انڈیا نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ایئر لائنس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 20 جون سے اپنے وائڈ-باڈی طیاروں سے چلنے والی بین الاقوامی پروازوں میں 15 فیصد کی کٹوتی کرے گی۔ یہ فیصلہ جولائی کے وسط تک نافذ رہے گا۔ ایئر انڈیا کے مطابق یہ قدم طیاروں کی ریزرو دستیابی بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی تکنیکی یا تحفظ سے جڑے مسئلے کا حل کیا جا سکے۔ ایئر لائنس نے واضح کیا کہ اس کا مقصد آپریشنز میں استحکام برقرار رکھنا، مسافروں کو بہتر خدمات دینا اور غیر ضروری عدم سہولت سے بچانا ہے۔

ایئر انڈیا نے بتایا کہ 20 جون سے نافذ ہونے والا بین الاقوامی پروازوں کا شیڈیول جلد جاری کیا جائے گا۔ ایئر انڈیا نے یہ بھی بتایا کہ وہ حکومت گجرات اور وزارت شہری ہوا بازی کے ساتھ مل کر احمد آباد حادثے کے مہلوکین کے کنبوں اور زخمی مسافروں کی ہرممکن مدد کر رہا ہے۔ ایئر لائنس نے کہا، ’’یہ فیصلہ آپریشنل استحکام کے لیے ضروری ہے اور ہم مسافروں کو آخری وقت میں عدم سہولت سے بچانے کے لیے پابند عہد ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ملک کے لوگوں اور سبھی اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ہم اس مشکل وقت سے باہر نکلیں گے۔‘‘


اس درمیان ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے ایئر انڈیا کے بوئنگ 8-787 اور 9-787 طیاروں پر ’اینہانسڈ سیفٹی انسپکشن‘ لازمی کر دی ہے۔ 33 میں سے 26 طیاروں کی جانچ پوری کر لی گئی ہے اور انہیں اُڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ باقی طیاروں کی جانچ آنے والے دنوں میں پوری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بوئنگ 777 طیاروں پر بھی اضافی سیکوریٹی چیکنگ کی جائے گی۔

غور طلب ہے کہ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا گیا ہے جب ایئر انڈیا کی فلائٹ AI 171 گزشتہ دنوں خوفناک طریقے سے حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس میں  241 مسافروں اور عملہ کے اراکین کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ کے بعد تحفظ کو لے کر بڑے قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایئر انڈیا نے متاثرہ مسافروں سے معافی بھی مانگی ہے اور کہا ہے کہ انہیں پیشگی اطلاع دی جائے گی۔ انہیں متبادل پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ مسافر چاہیں تو اپنے سفر کو بغیر کسی اضافی فیس کے دوبارہ شیڈیول کر سکتے ہیں یا پورا ریفنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔