پریاگ راج میں ایئر فورس کا ’تربیتی طیارہ‘ تالاب میں گر کر تباہ، دونوں پائلٹ محفوظ
پریاگ راج میں بدھ کو ہندوستانی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ ’مائیکرولائٹ ایئرکرافٹ‘ پرواز کے دوران حادثہ کا شکار ہو کر شہر کے درمیان ایک تالاب میں گر گیا۔

اترپردیش کے پریاگ راج میں بدھ (21 جنوری) کو اس وقت افراتفری مچ گئی، جب ہندوستانی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ ’مائیکرولائٹ ایئرکرافٹ‘ پرواز کے دوران حادثہ کا شکار ہو کر شہر کے درمیان ایک تالاب میں گر گیا۔ یہ حادثہ کے پی کالج کے پیچھے واقع تالاب میں پیش آیا، جہاں اچانک تیز دھماکے جیسی آواز سنائی دی اور آس پاس کے علاقوں میں افراتفری مچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ پرواز بھرتے وقت معمول حالت میں تھا، لیکن کچھ ہی دیر بعد اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ تیزی سے نیچے آ کر تالاب میں گر گیا۔ حادثے کی آواز سن کر سینکڑوں مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر پولیس اور انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔ حادثہ کے بعد پورے علاقہ کو حفاظتی گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ چشم دید پدم سنگھ نے بتایا کہ ’’ہم لوگ کیمپس میں تھے، تبھی راکٹ جیسی آواز آئی۔ آواز سن کر دوڑ کر پہنچے تو دیکھا کہ کچھ لوگ دلدل میں پھنسے تھے۔ ہم لوگ تالاب میں کود گئے اور 3 لوگوں کو باہر نکالا۔‘‘ اب موقع پر پہنچی ریسکیو ٹیم طیارہ کو تالاب سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے دی گئی ابتدائی معلومات کے مطابق یہ مائیکرولائٹ ایئرکرافٹ ایک روٹین ٹریننگ سارٹی پر تھا۔ طیارہ میں 2 پائلٹ سوار تھے، جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ دونوں پائلٹوں کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی ہے، جس کی وجہ سے انتظامیہ اور فضائیہ نے راحت کی سانس لی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور راحت ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ تالاب کے پاس بیریکیڈنگ کر دی گئی ہے اور ریسکیو آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ طیارہ کو تالاب سے باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ تکنیکی تحقیقات کی جا سکے۔
فضائیہ اور انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی یا توازن بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، حالانکہ آفیشیل تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جائے گی۔ افسران کا کہنا ہے کہ ٹریننگ پروازوں کے دوران سیکورٹی معیارات پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اور اس حادثے کے ہر پہلو کی گہرائی سے جانچ کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔