لوک سبھا انتخابات: احمد آباد میں الیکشن ڈیوٹی سے انکار کرنے والی استانی کے خلاف وارنٹ جاری

الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والی سرکاری اسکول کی ٹیچر کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا۔ انہوں نے گھر اور ڈیوٹی کے مقام کے درمیان فاصلے کو مسئلہ قرار دیا تھا، بعد ازاں، انہیں قریبی علاقے میں ڈیوٹی دی گئی

ووٹ، تصویر آئی اے این ایس
ووٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: گجرات کے احمد آباد شہر کے ایک سرکاری پرائمری اسکول کی ایک استانی (ٹیچر) کو پولیس نے حراست میں لے کر ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش کیا۔ مذکورہ ٹیچر نے الیکشن ڈیوٹی میں حصہ نہیں لیا تھا۔ ایک افسر نے اطلاع دی۔

افسر کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ الیکشن آفیسر نے الیکشن ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے پر ٹیچر کے خلاف وارنٹ جاری کیے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیچر نے اپنے گھر اور الیکشن ڈیوٹی کے لیے مختص علاقے کے درمیان فاصلے کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیوٹی میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

ٹیچر کی وضاحت اور اس کی درخواست پر غور کرنے کے بعد ڈپٹی کلکٹر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر امنگ پٹیل نے چین پور پرائمری اسکول کی ٹیچر ہینال پرجاپتی کو یہاں گوٹا میں ان کی رہائش گاہ کے قریب انتخابی ڈیوٹی سونپی۔

پٹیل نے کہا، ’’ٹیچر کو فروری میں شہر کے گھاٹ لوڈیا علاقے میں بوتھ لیول آفیسر یا بی ایل او کے طور پر کام کرنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے ڈیوٹی کے لیے رپورٹ نہیں کی۔ اس کے بجائے انہوں نے ہمیں ایک مکتوب بھیجا کہ وہ ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوسکتیں کیونکہ گھاٹ لوڈیا گوٹا ان کے گھر سے بہت دور ہے۔ ٹیچر نے درخواست کی کہ اسے قریبی علاقے میں ڈیوٹی دی جائے۔‘‘


ٹیچر سے کہا گیا کہ وہ آ کر اپنا موقف پیش کریں اور ایسا کرنے میں ناکام ہونے پر پٹیل کی جانب سے عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت وارنٹ جاری کیا گیا۔ خیال رہے کہ گجرات کی تمام 26 لوک سبھا سیٹوں کے لیے 7 مئی کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔