’احمد آباد طیارہ حادثہ قومی بحران، ہم متاثرہ کنبوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘، دہلی کانگریس کا اظہارِ غم
دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ ’’ہم اس مشکل وقت میں ہر متاثرہ کنبہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایشور ہلاک شدگان کی روحوں کو سکون فراہم کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی ملے۔‘‘

طیارہ حادثہ کے بعد کا منظر، ویڈیو گریب
نئی دہلی: احمد آباد میں پیش آئے خوفناک طیارہ حادثہ پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اس حادثہ کو قومی بحران قراقر دیا اور کہا کہ ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ کا احمد آباد ایئرپورٹ پر حادثہ کا شکار ہونا پورے ملک کے لیے ایک تکلیف دہ لمحہ ہے۔ اس دردناک واقعہ میں کئی انمول جانیں تلف ہو گئیں، اور یہ ملک کے لیے ناقابل تلافی خسارہ ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے متاثرہ کنبوں کے تئیں اپنی ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اس مشکل وقت میں ہر متاثرہ کنبہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایشور ہلاک شدگان کی روح کو سکون فراہم کرے، زخمیوں کو جلد صحت یابی ملے اور غمزدہ کنبوں کو ہمت و صبر میسر ہو۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اس دردناک حادثہ میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی سمیت کئی اہم شخصیات کی جان ضائع ہو گئی۔ اس حادثہ کا ایک تکلیف دہ پہلو یہ بھی رہا کہ طیارہ حادثہ کے بعد بی جے میڈیکل کالج کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ہاسٹل پر گر گیا، جس سے کم و بیش 20 ہونہار میڈیکل طلبا کی بھی بے وقت موت ہو گئی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ان نوجوان ڈاکٹروں کا خسارہ نہ صرف ان کے کنبوں بلکہ ملک کی طبی خدمات کے مستقبل کے لیے انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم ان سبھی آنجہانی طلبا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں گہری ہمدردی ظاہر کرتے ہیں۔‘‘
ڈاکٹر نریش کمار نے اس حادثہ کے بعد مرکزی حکومت کے سامنے 3 اہم مطالبات بھی رکھے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ (1) حادثہ کی غیر جانبدارانہ اور طے مدتی جانچ کروائی جائے، (2) لاپروائی کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے، (3) ہر متاثرہ کنبہ کو جلد از جلد معاشی مدد و نفسیاتی مشاورت دستیاب کرائی جائے۔ ڈاکٹر نریش نے یہ بھی کہا کہ ’’دہلی کانگریس اس غم کے وقت میں پورے ملک اور ہر متاثرہ کنبہ کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم ہر ممکن مدد اور تعاون کو بے قرار ہیں۔‘‘
اس درمیان دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے بھی احمد آباد طیارہ حادثہ میں سوار مسافروں اور پائلٹ ٹیم کے اراکین کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو مناظر سامنے آئے ہیں، وہ تکلیف دہ ہیں۔ اس حادثہ سے پورا ملک غم میں مبتلا ہے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں ہلاک سینکڑوں لوگوں کے اہل خانہ کے لیے یہ مشکل وقت ہے، اور ایسے لمحات میں کانگریس فیملی کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ مہلوکین کی روح کو سکون ملے۔ دہلی کانگریس صدر نے میڈیکل ہاسٹل پر جہاز گرنے سے ہلاک کچھ میڈیکل طلبا کی موت پر بھی افسوس ظاہر کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔