احمد پٹیل: ایک کامیاب سیاستدان، جنہوں نے اپنے کنبہ کو سیاست سے دور رکھا

احمد پٹیل بھروچ سے تین بات لوک سبھا رکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے، پارٹی میں رفتہ رفتہ ان کا قد بڑھتا گیا اور 1985 میں اس وقت کے وزیر اعظم راجیو گاندھی کے پارلیمانی سکریٹری بنائے گئے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کا بدھ کی صبح ساڑھے تین بجے انتقال ہو گیا۔ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر رہے احمد پٹیل کی پیدائش 21 اگست 1949 کو گجرات میں بھروچ ضلع کے پیرامل گاؤں میں ہوئی تھی۔ اس وقت بھروچ کانگریس کا گڑھ ہوا کرتا تھا۔ وہ پہلی بار 1977 میں 26 سال کی عمر میں بھروچ سے لوک سبھا کا الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔ احمد پٹیل یہاں سے تین بات لوک سبھا رکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے۔ پارٹی میں رفتہ رفتہ ان کا قد بڑھتا گیا اور 1985 میں اس وقت کے وزیر اعظم راجیو گاندھی کے پارلیمانی سکریٹری بنائے گئے۔

احمد پٹیل کو 1986 میں گجرات کانگریس کا صدر بنایا گیا۔ وہ 1988 میں گاندھی - نہرو خاندان کے ذریعہ چلائے گئے جواہر بھون ٹرسٹ کے سکریٹری بنائے گئے۔ وہ سونیا اور راجیو دونوں کے بھروسے مند شخص رہے۔ وہ تین بار لوک سبھا رکن پارلیمنٹ بننے کے علاوہ پانچ بار راجیہ سبھا رکن بھی رہ چکے تھے۔ پردے کے پیچھے سے سیاست کرنے والے احمد پٹیل کو 2018 میں کانگریس پارٹی کا خزانچی مقرر کیا گیا تھا۔


خاموش طبیعت کے مالک احمد پٹیل کا سیاسی سفر بے حد کامیاب رہا لیکن سیاسی چکاچوند سے انہوں نے اپنے کنبہ کو ہمیشہ دور رکھا۔ ان کے کنبہ میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ بیٹے فیصل پٹیل اپنا کاروبار چلاتے ہیں اور سیاست سے کافی دور ہیں۔ جبکہ بیٹی ممتاز پٹیل کی شادی وکالت کرنے والے عرفان صدیقی کے ساتھ ہوئی۔

واضح رہے کہ 71 سالہ احمد پٹیل تقریباً ایک مہینے پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور فی الحال آئی سی میں رکھا گیا تھا۔ احمد پٹیل نے میدانتا میں یہ آخری سانس لی۔ علاج کے دوران ان کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ ان کے بیٹے فیصل پٹیل نے ٹویٹر پر اپنے والد کے انتقال کی اطلاع دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Nov 2020, 10:39 AM