آگرہ: سیاحوں کو واچ ٹاور سے تاج محل اور آگرہ قلعہ کے دیدار کی سہولت

سیاحت کو فروغ دینے کے لیے محکمہ باغبانی نے آگرہ میں تاج محل کے سائے میں ایک خصوصی واچ ٹاور تعمیر کیا ہے، جس کی بلندی سے تاج محل، آگرہ قلعہ، مہتاب باغ اور جمنا ندی کا شاندار نظارہ دیکھا جا سکے گا

تاج محل / Getty Images
تاج محل / Getty Images
user

یو این آئی

آگرہ: اتر پردیش میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے محکمہ باغبانی نے آگرہ میں تاج محل کے سائے میں ایک خصوصی واچ ٹاور تعمیر کیا ہے۔ سیاح اس مینار کی بلندی سے تاج محل، آگرہ قلعہ، مہتاب باغ اور جمنا ندی کا شاندار نظارہ دیکھ سکیں گے۔

محکمہ باغبانی نے شیش محل پارک میں یہ واچ ٹاور بنایا ہے۔ اسے دیوالی سے پہلے سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ محکمہ نے تاج محل کے مغربی دروازے پر واقع شیش محل پارک میں واچ ٹاور بنایا ہے۔ واچ ٹاور سے سیاح تاج محل، آگرہ فورٹ اور دریائے جمنا کا بیک وقت نظارہ کرسکتے ہیں۔ اس واچ ٹاور کے چاروں طرف ہریالی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر (باغبانی) کوشل کمار نیرج نے بدھ کے روز کہا کہ شیش محل ٹیلے پر سکیورٹی کے لیے ایک واچ ٹاور بنایا گیا تھا، جو کہ خستہ حال ہو چکا تھا۔ اسے توڑ کر سیاحوں کے لیے نیا واچ ٹاور بنایا گیا ہے۔ اس میں بیک وقت تقریباً 100 سیاح ٹاور پر جا سکتے ہیں۔

مسٹر نیرج نے بتایا کہ شیش محل پارک کی ترقی میں 72 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ پارک میں واچ ٹاور اور پاتھ وے کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ پارک میں پھول اور دیگر پودے لگائے گئے ہیں۔ بڑے رقبے پر پھیلے شیش محل پارک میں ایک جھونپڑی بھی بنائی گئی ہے۔ جہاں سیاح بیٹھ کر صاف ہوا خوری سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واچ ٹاور کے علاوہ پارک میں بڑا مجسمہ، آبشار، فوارہ، لائٹنگ اور کینٹین سمیت کئی دیگر کام بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ دیوالی سے قبل محکمہ باغبانی پارک کا افتتاح کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔