وزیر اعظم مودی کو ’معافی ویر‘ بن کر ’اگنی پتھ‘ کو واپس لینا پڑے گا: راہل گاندھی

فوج کی نئی بھرتی اسکیم ’اگنی ویر‘ کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی کو نوجوانوں سے بات کرنا ہی ہوگی اور اس اسکیم کو واپس لینا ہوگا

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: فوج کی نئی بھرتی اسکیم ’اگنی ویر‘ کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی کو نوجوانوں سے بات کرنا ہی ہوگی اور اس اسکیم کو واپس لینا ہوگا۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آٹھ سالوں سے لگاتار بی جے پی حکومت نے ’جے جوان، جے کسان‘ کی اقدار کی توہین کی ہے۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ وزیر اعظم کو سیاہ زرعی قوانین واپس لینے پڑیں گے۔ ٹھیک اسی طرح انہیں ’معافی ویر‘ بن کر ملک کے نوجوانوں کی بات ماننی پڑے گی اور ’اگنی پتھ‘ کو واپس لینا ہی پڑے گا۔‘‘


دریں اثنا، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کر کے کہا، ’’آرمی بھرتی کی تیاری کرنے والے دیہی نوجوانوں کا درج سمجھئے۔ تین سال سے بھرتی نہیں آئی۔ دوڑ دوڑ کر نوجوانوں کے پیروں میں چھالے پڑ گئے، وہ مایوس ہیں۔ نوجوان ایئرفورس بھرتی کے ریزلٹ اور تقرری کا انتظار کر رہے تھے۔ حکومت نے ان کی مستقل بھرتی، رینک، پنشن، روکی بھرتی، سب چھین لیا۔‘‘

پرینکا گاندھی نے ایک خط بھی ٹوئٹ کیا ہے جو انہوں نے مارچ کے مہینے میں وزیر دفاع کو تحریر کیا تھا۔ انہوں نے لکھا ’’میں نے 29 مارچ 2022 کو وزیر دفاع کو خط لکھ کر نوجوانوں کے ان مطالبات پر توجہ دے کر فوری حل نکالنے کی درخواست کی تھی۔ لیکن حکومت نے نوجوانوں کی آواز کو کوئی اہمیت ہی نہیں دی۔‘‘


خیال رہے کہ ملک بھر میں نوجوان اگنی پتھ اسکیم کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر عوامی املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس معاملہ پر آج بہار میں بند کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کی مختلف سیاسی جماعتیں حمایت کر رہی ہیں، جبکہ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ کل یعنی 19 جون کو نوجوانوں کے حق میں جنتر منتر پر ستیہ گرہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jun 2022, 11:17 AM