ممبئی پہنچی اگنی پتھ کی آگ، بامبے آئی آئی ٹی کے گیٹ پر مظاہرہ، متعدد ٹرینیں منسوخ

ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا نے بامبے آئی آئی ٹی کے گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ملک بھر میں فوج کی اگنی پتھ بھرتی اسکیم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ بہار، یوپی اور تلنگانہ جیسی ریاستوں میں جہاں نوجوانوں نے عوامی املاک کو بھاری نقصان پہنچایا ہے وہیں اب ان مظاہروں کی تپش ممبئی میں بھی پہنچ گئی ہے۔ شمالی ہندوستان میں شدید مظاہروں کے پیش نظر ممبئی میں ایک درجن سے زیادہ ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس کے سبب چھٹیاں گزار کر واپس لوٹنے والے نوکری پیشہ افراد پریشان ہو گئے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈی وائی ایف آئی (ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا) نے بامبے آئی آئی ٹی کے گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج میں تقریباً 25 افراد شامل ہوئے اور احتجاج پرامن رہا۔


وہیں آل انڈیا ریلوے مینز فیڈریشن نے بھی حکومت سے اگنی پتھ اسکیم کو ازسرنو غور غور کرنے کا مطالبہ کیا۔ فیڈریشن کے سکریٹری شیو گوپال مشرا نے ایک مکتوب کے ذریعے کہا کہ فوج اور ریلوے میں قلیل مدتی ملازمت مناسب نہیں ہے۔ فوج اور ریلوے کا کام اگنی ویروں اور ریل ویروں سے نہیں چل سکتا۔ لہذا حکومت اس فیصلہ پر دوبارہ غور کرے۔ نیز فیڈریشن کی جانب سے نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جارحانہ احتجاج نہ کریں۔

خیال رہے کہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک کے کئی حصوں میں متشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔ بہار میں متعدد ٹرینیں نذر آتش کر دی گئی ہیں جبکہ تلنگانہ کے سکندرآباد میں احتجاج کے دوران ایک شخص کی جان چلی گئی۔ اس کے علاوہ ملک کی کئی ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے کرنے پر سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔


دریں اثنا، ریلوے اسٹیشنوں پر توڑ پھوڑ، ریلوے لائن پر احتجاج اور ٹرین کی بوگیوں کو نذر آتش کئے جانے کا اثر ریلوے آپریشن پر پڑ رہا ہے، جس کے سبب ممبئی کو جانے والی 18 ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تاحال ریل کے 35 سے 40 ڈبے جلا دیئے گئے ہیں۔ ہفتہ کی دوپہر 2 بجے تک مجموعی طور پر 370 ٹرینیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔