اگنی پتھ کی آگ میں جھلسا ملک، بہار میں 4 ٹرینیں نذر آتش، بلیا اسٹیشن پر توڑ پھوڑ

'اگنی پتھ' کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری ہے۔ بہار میں مظاہرین نے 4 ٹرینوں کو نذر آتش کر دیا۔ جبکہ یوپی کے بلیا میں بھی مظاہرین ریلوے اسٹیشن کے اندر داخل ہو گئے اور توڑ پھوڑ کی

چھپرا اسٹیشن پر ٹرین نذر آتش / آئی اے این ایس
چھپرا اسٹیشن پر ٹرین نذر آتش / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ / لکھنؤ: فوج کی نئی ​​بھرتی اسکیم 'اگنی پتھ' کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری ہے۔ بہار میں مظاہرین نے 4 ٹرینوں کو نذر آتش کر دیا۔ جبکہ یوپی کے بلیا میں بھی مظاہرین ریلوے اسٹیشن کے اندر داخل ہو گئے اور توڑ پھوڑ کی۔

پہلے واقعہ میں بہار کے سمستی پور میں صبح کے وقت شرپسندوں نے جموں توی-گوہاٹی ایکسپریس ٹرین کو نذر آتش کر دیا۔ حاجی پور برونی ریلوے سیکشن کے محی الدین نگر اسٹیشن پر پیش آنے والے اس واقعہ میں ٹرین کی دو بوگیاں جل کر خاک ہو گئیں۔ اس کے علاوہ مظاہرین نے دربھنگہ سے نئی دہلی جانے والی بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس ٹرین کو بھی آگ لگا دی۔ ٹرین کی چار بوگیاں جل گئیں۔ سمستی پور-مظفر پور ریل سیکشن کے بھولا ٹاکیز ریلوے گمٹی کے قریب بھی مظاہرین نے ٹرین میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔


دریں اثنا، مظاہرین نے آرہ کے کے کلہڑیا اسٹیشن پر کھڑی مسافر ٹرین کو بھی نذر آتش کر دیا۔ پٹنہ-دین دیال اپادھیائے مین لائن پر آتشزدگی کی وجہ سے ٹرین آپریشن متاثر ہو گیا ہے۔ وہیں بیگوسرائے میں بھی احتجاج شروع ہو گیا۔ یہاں برونی-کٹیہار ریل سیکشن کے لکھمینیا اسٹیشن کے ریلوے ٹریک پر آگ لگا کر احتجاج کیا گیا۔ آرہ کے کلہڑیا اسٹیشن پر ریلوے ٹریک جام ہے اور آرہ اسٹیشن پر بھی کئی ٹرینیں کھڑی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آرہ میں مظاہرین نے بیہیا اسٹیشن کو تباہ کر دیا اور لوگوں سے بھی مار پیٹ کی۔ بیہیا اسٹیشن کے مغربی ریلوے کراسنگ پر شرپسندوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی موجود ہے۔ ایس ڈی پی او اور ایس ڈی او موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ آرہ اور بکسر میں صبح سے ہی احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت میں بکسر کے ڈمراؤ ریلوے اسٹیشن کے مغربی گمٹی پر صبح 5 بجے سے مظاہلرین ریلوے ٹریک پر ٹائر جلا کر احتجاج کر رہے ہیں۔


ادھر یوپی کے بلیا میں نوجوانوں نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج میں توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کیا۔ جس کی وجہ سے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ بلیا کی ضلع مجسٹریٹ سومیا اگروال نے بتایا کہ صبح سے ہی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بھیڑ جمع ہو گئی لیکن، انہیں وہاں نقصان پہنچانے سے روک دیا گیا۔ وہ پتھربازی کی کوشش کر رہے ہیں۔ کارروائی کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔