ہنگامہ آرائی کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی منگل تک کے لئے ملتوی

نعرے بازی اور شو ر شرابے کے دوران ایوان میں کانگریس کے نائب لیڈر آنند شرما نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو ہری ونش نے کہا کہ ’’ایوان میں نظم قائم ہو تو آپ کی بات سنوں‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی:مختلف موضوعات پر اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے آج راجیہ سبھا کی کارروائی زبردست شور شرابے کے درمیان دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی۔ لنچ کے بعد ایوان کی کارروائی شرو ع کرتے ہوئے نائب چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ کل صبح دس بجے سنٹرل ہال میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے آئل پینٹنگ کی نقاب کشائی ہوگی اور صدر رام ناتھ کووند اس موقع پر موجود ہوں گے۔ اس کے بعد انہوں نے صدر کے خطبہ پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے لئے بی جے پی کے بھوپندر یادو کا نام پکارا تو ترنمول کانگریس اور تیلگو دیشم پارٹی کے اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے چیئرمین کی نشست کے قریب آگئے۔ ٹی ڈی پی کے اراکین اپنے ہاتھوں میں تختیاں لئے ہوئے تھے۔ اس دوران کانگریس ، بی ایس پی اور سماج وادی پارٹی کے اراکین بھی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر شو ر شرابہ کرنے لگے۔

ہری ونش نے اپوزیشن اراکین سے پرسکون رہنے اور شکریہ کی تحریک پر بحث ہونے دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ شکریہ کی تحریک پربحث کرنا اراکین کی آئینی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جانا چاہیے۔ اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر مملکت اشوک گوئل بھی کچھ بولتے رہے جو شور کی وجہ سے سنائی نہیں دیا۔ نعرے بازی اور شو ر شرابے کے دوران ایوان میں کانگریس کے نائب لیڈر آنند شرما نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو ہری ونش نے کہا کہ ایوان میں نظم قائم ہو تو آپ کی بات سنوں، اس کے بعد نائب چیئرمین نے ایوان کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کردی۔

قبل ازیں صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے اور ضروری دستاویزایوان کی میز پر رکھے جانے کے بعد بی ایس پی کے ستیش چندر مشرا اور ان کی پارٹی کے دیگر اراکین نے اترپردیش سے متعلق کچھ معاملات کو اٹھانا چاہا۔ اس دوران تیلگو دیشم پارٹی کے اراکین ایوان کے درمیان آگئے۔ ان میں سے ایک رکن تختی دکھانے لگا۔

ہنگامے کے دوران قبائلی امور کے وزیر جویل اورام نے شیڈولڈ ٹرائب آرڈر تیسری ترمیمی بل 2019اور وزیر خارجہ سشما سوراج نے غیر مقیم ہندوستانی شادی رجسٹریشن بل 2019پیش کیا ۔ کانگریس کے اراکین نے اس کی مخالفت کی اور اس کے کچھ اراکین ایوان کے درمیان پہنچ گئے۔چیئر مین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ بل پر بحث نہیں ہورہی ہے۔

نائیڈو نے کہا کہ کچھ اراکین نے ضابطہ 267 کے تحت نوٹس دیا ہے جسے نامنظور کردیا گیا ہے۔ انہوں نے اراکین سے پرسکون رہنے کے لئے بار بار اپیل کی لیکن اراکین کا ہنگامہ جاری رہنے پر انہوں نے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔