بھگدڑ کے بعد میلہ اسپیشل ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر روکی گئیں، ریلوے کا پریاگ راج سے 360 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ
یوپی اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے پریاگ راج میں بھاری بھیڑ ہونے کی وجہ سے ریاست کے مختلف ضلعوں سے جانے والی بسوں کو سرحدوں پر ہی روک دیا ہے۔

ویڈیو گریب
پریاگ راج میں مونی اماوسیہ پر بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے نے پریاگ راج کے مختلف اسٹیشنوں سے آج 360 سے زیادہ ٹرینیں چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہیں مہاکمبھ میلہ میں بھگدڑ کے بعد پریاگ راج آنے والی خصوصی ٹرینوں کو جگہ جگہ روک دیا گیا ہے تاکہ میلہ علاقے میں بھیڑ اور زیادہ نہ بڑھے۔ اس درمیان پنڈت دین دیال جنکشن پر پریاگ راج جانے والے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ ویسے ریلوے نے چندولی جنکشن سے چلنے والی کمبھ میلہ اسپیشل ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی ہے۔
ساتھ ہی یوپی اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے بھی ریاست کے مختلف ضلعوں سے جانے والی بسوں کو سرحدوں پر ہی روک دیا ہے۔ پریاگ راج کے لیے فی الحال بسوں کی آمد و رفت ابھی نہیں کی جا رہی ہے۔ عالم باغ بس اسٹیشن پر بھی پریاگ راج جانے والی بسیں روک دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ جو بسیں لکھنؤ سے پریاگ راج کے لیے روانہ کی گئی تھیں انہیں بھی رائے بریلی اور بچھراواں میں روک دیا گیا ہے۔ پریاگ راج میں پارکنگ فُل ہو گئی ہے اس وجہ سے وہاں پر بسوں کے کھڑے ہونے کی جگہ ہی نہیں بچی ہے۔ اس وجہ سے روڈ ویز نے اب پریاگ راج کے لیے سینکڑوں بسوں کی آمد و رفت فی الحال بند کر دی ہے۔
ریلوے نے صرف کمبھ میلہ اسپیشل ٹرینوں کو روکا ہے جو پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن سے پریاگ راج جا رہی ہیں۔ دین دیال ریلوے ڈویژن کے کمرشیل منیجر منیش کمار نے بتایا کہ اسپیشل ٹرینوں کی آمد و رفت اگلے حکم تک بند کر دی گئی ہے۔ فی الحال کمبھ میلہ اسپیشل ٹرین عارضی طور پر بند رہیں گی۔ ریلوے نے یہ فیصلہ پریاگ راج میں زیادہ بھیڑ کی وجہ سے کیا ہے۔
پریاگ راج جنکشن پر ریپڈ ایکشن فورس اور پولیس دستہ کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔ عقیدت مندوں کے تحفظ کو دھیان میں رکھتے ہوئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ کچھ گھنٹوں میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے 3 بار بات چیت کرکے بھگدڑ کے بارے میں تازہ حالات کے بارے میں جانکاری لی۔
یوپی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک مہاکمبھ میں 19 کروڑ سے زیادہ عقیدت مند اسنان کر چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مونی اماوسیہ کے پرو پر اسنان کے لیے تقریباً 10 کروڑ عقیدت مند اسنان کے لیے پہنچے ہیں۔ ایسے میں مسافروں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے پریاگ راج ریل ڈویژن نے شہر کے سبھی اسٹیشنوں کے لیے خصوصی منصوبہ اور کچھ پابندیاں لگائی ہیں۔ یہ پابندی مونی اماوسیہ کے دو دن بعد تک نافذ رہیں گی۔
مونی اماوسیہ کے دن عقیدت مند پریاگ راج جنکشن پر صرف سٹی کی طرف سے والے دروازے سے پلیٹ فارم نمبر-1 پر جا سکیں گے۔ ٹکٹ کے لیے پناہ مقامات میں غیر ریزروڈ ٹکٹ کاؤنٹر، اے ٹی وی ایم اور موبائل ٹکٹنگ کا انتظام رہے گا۔ بھیڑ کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے خسرو باغ علاقے میں 1 لاکھ لوگوں کے ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔