سرد لہر اور کہرے کے بعد اب بارش و ژالہ باری کے لیے ہو جائیں تیار، کئی ریاستوں کے لیے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے اتر پردیش، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، دہلی، پنجاب اور راجستھان میں بارش ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے اور کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہونے کی قوی امید ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بارش کی علامتی تصویر / قومی آواز</p></div>

بارش کی علامتی تصویر / قومی آواز

user

قومی آوازبیورو

دہلی-این سی آر، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر سمیت کئی ریاستوں میں ابھی ٹھنڈ سے نجات ملی بھی نہیں ہے، اور آنے والے کچھ دنوں میں بارش و ژالہ باری کو لے کر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ نے اتر پردیش، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، دہلی، پنجاب اور راجستھان میں بارش ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے اور کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہونے کی قوی امید ہے۔ یعنی کچھ ریاستوں میں سردی سے گزشتہ دو تین دنوں میں جو ہلکی راحت ملی ہے، وہاں ایک بار پھر لوگوں کو سردی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آئیے جانتے ہیں محکمہ موسمیات نے کس ریاست میں کون سی تاریخ کو بارش کے آثار ظاہر کیے ہیں اور کہاں کہاں تیز ہوائیں یا پھر ژالہ باری کے امکانات ہیں۔

دہلی اور ہریانہ:

ان دونوں ریاستوں کے لیے محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 22، 23، 24 اور 25 جنوری کو کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز آندھی اور بجلی چمکنے کا امکان ہے۔ 22 جنوری کو کئی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے اور 23 جنوری کو گرج و چمک کے ساتھ کچھ مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔ 25 جنوری کو بیشتر مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔


اتر پردیش:

محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش میں 23، 24 اور 25 جنوری کو تیز ہوائیں چلنے اور بارش کے آچار بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔ 23 جنوری کو مغربی اتر پردیش کے کچھ مقامات پر بجلی چمکنے کے ساتھ ساتھ تیز ہوا چلنے اور بارش ہونے کے امکان ہیں۔ علاوہ ازیں مشرقی اتر پردیش میں 24 اور 25 جنوری دونوں ہی دن بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ہماچل پردیش:

برف باری اور سرد لہر کا سامنا کر رہے ہماچل پردیش میں بھی بارش کا اندازہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 23، 24 اور 25 جنوری کو صوبے کے کئی علاقوں میں بارش، برف باری اور تیز ہواؤں کو جھیلنا پڑ سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آ سکتی ہے۔


اتراکھنڈ:

محکمہ موسمیات کے مطابق 23، 24 اور 25 جنوری کو اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں بارش اور برف کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ زمین دھنسنے کے واقعات کا سامنا کر رہے جوشی مٹھ میں حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں کیونکہ محکمہ نے 19 جنوری سے 24 جنوری کے درمیان 4 دن کی نشاندہی کی ہے جب جوشی مٹھ سمیت چمولی، پتھوراگڑھ وغیرہ شہروں میں زوردار بارش اور برف باری ہونے کا اندیشہ ہے۔

پنجاب اور راجستھان:

ماہرین موسمیات نے پنجاب کو لے کر بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ یہاں 22، 23، 24 اور 25 جنوری کو بارش، تیز ہواؤں کے ساتھ بجلی چمکنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے راجستھان کے شمالی علاقوں میں 23 اور 24 جنوری کو گرج و چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔


جموں و کشمیر:

مرکز کے زیر انتظام اس خطہ میں 21 جنوری کو کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 22، 23 اور 24 جنوری کو کئی علاقوں میں بارش و برف باری کے آثار ہیں۔ 25 جنوری کو بھی وادی کے کچھ علاقوں میں بارش کے آثار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔