تتکال ٹکٹ اور چارٹ ٹائمنگ کے بعد ریلوے نے ایمرجنسی کوٹہ کے اوقات میں بھی کی تبدیلی
ریلوے کے مطابق رات میں 12 بجے کے بعد اور دن میں 1 بجے کے درمیان روانہ ہونے والی تمام ٹرینوں کے لیے ایمرجنسی کوٹہ کی درخواست سفر سے ایک روز قبل دو پہر 12 بجے تک ای کیو سیل تک پہنچ جانی چاہیے۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
وزارت ریلوے نے چارٹ تیار کرنے اور تتکال ٹکٹ بکنگ کے عمل میں بدلاؤ کے بعد اب ایمرجنسی کوٹہ کے اوقات میں بھی تبدیلی کر دی ہے۔ وزارت ریل کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے کم از کم ایک روز قبل ایمرجنسی کوٹہ کے لیے درخواست دینی ہوگی۔ وزارت ریل کی جانب سے ایمرجنسی کوٹہ کے اصول و ضوابط میں تبدیلی سے متعلق ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ رات میں 12 بجے کے بعد اور دن میں 1 بجے کے درمیان روانہ ہونے والی تمام ٹرینوں کے لیے ایمرجنسی کوٹہ کی درخواست سفر سے ایک روز قبل دو پہر 12 بجے تک ای کیو سیل تک پہنچ جانی چاہیے۔ جبکہ دوپہر 2 بجے سے رات 12 بجے کے درمیان روانہ ہونے والی بقیہ تمام ٹرینوں کے لیے ایمرجنسی کوٹہ کی درخواست سفر کے ایک روز قبل 4 بجے تک ای کیو سیل تک پہنچ جانی چاہیے۔ ٹرین کی روانگی کے روز موصول ہونے والی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
سرکلر میں ایمرجنسی کوٹہ کے اوقات میں تبدیلی کے علاوہ اتوار یا عام تعطیلات کے متعلق بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ وزارت ریل نے کہا کہ چھٹیوں کے روز چلنے والی ٹرینوں کے کوٹے کی درخواستیں کام کے دنوں میں ہی قبول کی جائیں گی۔ اتوار یا اس کے بعد چھٹیوں والے روز کے ایمرجنسی کوٹے کی درخواستیں بھی گزشتہ کام کے دنوں کے دفتری اوقات میں ہی قابل قبول ہوں گی۔
قابل ذکر ہے ریلوے کی جانب سے ایمرجنسی کوٹہ ٹکٹ کے اصول و ضوابط میں مذکورہ تبدیلی حال ہی میں لیے گئے اس فیصلے کے مد نظر کیا گیا ہے، جس میں ٹرین کی روانگی سے 8 گھنٹے قبل ریزرویشن چارٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے اصول کے مطابق صبح 5 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان روانہ ہونے والی ٹرین کا پہلا چارٹ ایک روز قبل رات کو 9 بجے تک تیار ہو جائے گا۔ اسی طرح سے دوپہر 2 بجے سے رات 11:59 بجے اور رات 12 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان روانہ ہونے والی ٹرینوں کے لیے پہلا ریزرویشن چارٹ 8 گھنٹے قبل تیار کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔