پہاڑوں پر برف باری کے بعد دہلی-این سی آر اور کیرالہ سمیت کئی ریاستوں میں موسم تبدیل، کہیں دھوپ تو کہیں بارش کا امکان

آئی ایم ڈی کے مطابق ملک کے بقیہ حصوں سے آئندہ 2 روز کے اندر جنوب مغربی مانسون کی واپسی کے لیے حالات سازگار ہیں۔ کیرالہ اور تامل ناڈو میں کچھ مقامات پر آئندہ 7 دنوں کے دوران شدید بارش ہونے کی امید ہے۔

بارش، فائل تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

ملک کی کئی ریاستوں سے مانسون مکمل طور سے جا چکا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق بدھ (15 اکتوبر) کو دہلی-این سی آر، یوپی، بہار اور اتراکھنڈ سمیت کئی ریاستوں میں بارش ہونے کا امکان کافی کم ہے۔ ’گلابی ٹھنڈ‘ کی وجہ سے اب صبح شام کی سردی پڑنے لگی ہے، جبکہ دیوالی سے قبل دہلی کی ہوا مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ ہمیشہ کی طرح سردی کا موسم آنے کے ساتھ ہی دہلی میں فضائی آلودگی کا معاملہ پھر سے بڑھنے لگا ہے۔ دہلی آلودگی کنڑول بورڈ (ڈی پی سی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں آخری بار رواں سال 11 جولائی کو ہوا کے معیار کا انڈیکس ’خراب‘ زمرے میں درج کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بارش کے سبب شہر میں آلودگی کی سطح میں کچھ کمی آئی تھی، لیکن موسم کی تبدیلی اور سردی کی آہٹ کے ساتھ ہی آلودگی میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

اترپردیش میں اب آہستہ آہستہ ٹھنڈ نے دستک دینا شروع کر دیا ہے۔ بدلتے ہوئے موسم کی وجہ سے کئی اضلاع میں صبح کے وقت ہلکی دھند چھائی ہوئی نظر آ رہی ہے، جبکہ رات کے وقت میں ٹھنڈ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ لکھنؤ کے اموسی میں واقع علاقائی موسمی مرکز کے مطابق 15 اکتوبر کو یوپی کے مشرقی اور مغربی دونوں حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ اس دوران ریاست کے 75 اضلاع گرین زون میں آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج تمام اضلاع میں موسم کے معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔ 16 اور 17 اکتوبر کو بھی موسم کے اسی طرح رہنے کا امکان ہے۔ بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے ماہر موسمیات پروفیسر منوج کمار شریواستو نے بتایا کہ یوپی کے زیادہ تر حصوں کے علاوہ مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر شمیت دیگر ریاستوں سے جنوب مغرب مانسون جا چکا ہے۔


بہار میں آج موسم معمول کے مطابق رہے گا۔ پٹنہ محکمہ موسمیات نے تمام اضلاع کو گرین زون میں رکھا ہے۔ بہار کے کسی بھی ضلع کے لیے آج بارش کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ حالانکہ درجہ حرارت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ اسی طرح جھارکھنڈ میں بھی آج کہیں بھی بارش ہونے کی امید نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری اور کم از کم درجہ حرارت 18 ڈگری تک رہنے کی امید ہے۔

اتراکھنڈ میں گزشتہ ہفتہ ہوئی برف باری کے بعد موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ ریاست کے پہاڑی علاقوں میں لوگوں کو ٹھنڈ کا احساس ہو رہا ہے۔ صبح-شام لوگوں نے کپڑے پہننے شروع کر دیے ہیں۔ ریاست میں آج بارش کی کوئی امید نہیں ہے، آسمان بالکل صاف رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بقیہ حصوں سے آئندہ 2 روز کے دوران جنوب مغربی مانسون کی واپسی کے لیے حالات سازگار ہیں۔ کیرالہ اور تامل ناڈو میں کچھ مقامات پر آئندہ 7 دنوں کے دوران شدید بارش ہونے کی امید ہے۔