سنگرور کی ہار کے ساتھ عام آدمی پارٹی کی لوک سبھا میں نمائندگی ختم

عام آدمی پارٹی کے پنجاب کے سنگرور پارلیمانی حلقہ انتخاب میں ضمنی انتخاب ہارنے کے ساتھ ہی اب لوک سبھا میں اس کا کوئی رکن نہیں رہا

عام آدمی پارٹی
عام آدمی پارٹی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے پنجاب کے سنگرور پارلیمانی حلقہ انتخاب میں ضمنی انتخاب ہارنے کے ساتھ ہی اب لوک سبھا میں اس کا کوئی رکن نہیں رہا۔ عآپ کے سنگرور ضلع کے انچارج گرمیل سنگھ نے یہ سیٹ شرومنی اکالی دل-امرتسر (ایس اے ڈی-اے) کے امیدوار سمرنجیت سنگھ مان کے ہاتھوں 5800 سے زیادہ ووٹوں سے گنوا دی۔

سمرنجیت سنگھ مان اس سیٹ پر آخری مرتبہ 1999 میں منتخب ہوئے تھے۔ پنجاب اسمبلی میں مارچ کے مہینے میں اسمبلی میں قانون ساز کے طور پر منتخب ہونے اور وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد بھگونت مان کے استعفیٰ دینے کے بعد اس سیٹ پر ضمنی انتخاب ہوا تھا۔ بھگوانت مان نے 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں سنگرور سے جیت حاصل کی تھی۔


اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی بڑی جیت کے بعد یہ مقابلہ عام آدمی پارٹی کے لئے خود اعتماد کا پہلا امتحان تھا، جس میں وہ ناکام رہی۔ اس سیٹ پر کل 16 امیدوار میدان میں تھے۔ کانگریس کے امیدوار دلویر سنگھ گولڈی، بی جے پی کے کیول ڈھلوں اور اکالی دل کی کمل دیپ کور نے بالترتیب تیسرا، چوتھا اور پانچواں مقام حاصل کیا۔

سنگرور میں پارٹی کی ہار کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب بھگونت مان نے کہا ’’میں سنگرور کے لوگوں کی طرف سے دیے گئے فیصلے کو عاجزی کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ میں پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات محنت کر رہا ہوں اور مزید محنت کرتا رہوں گا۔ میں آپ کا بیٹا ہوں اور آپ کے خاندانوں کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔‘‘


خیال رہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں عآپ نے 7.36 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ سنگرور کے طور پر صرف ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم، مارچ میں پنجاب اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جیت کے بعد راجیہ سبھا میں اس کے ارکان کی تعداد 10 ہو گئی۔ پارٹی کے پاس اب دہلی سے راجیہ سبھا کے 3 اور پنجاب سے 7 ممبران پارلیمنٹ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔