سالار مسعود غازی کے بعد ان کے والد سالار ساہو غازی کی یاد میں لگنے والا میلہ بھی رَد کرنے کا فیصلہ

پولیس نے نظامِ قانون بگڑنے کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے میلہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارہ بنکی کے سترکھ سے تعلق رکھنے والے سید سالار ساہو غازی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ محمود غزنوی کے سپہ سالار تھے۔

<div class="paragraphs"><p>حضرت سید سالار ساہو غازی کی درگاہ</p></div>

حضرت سید سالار ساہو غازی کی درگاہ

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے بہرائچ میں سید سالار مسعود غازی کی درگاہ پر لگنے والے میلہ کو اس مرتبہ پولیس و انتظامیہ کی جانب سے منظوری نہیں دی گئی تھی، اور اب بارہ بنکی واقع حضرت سید سالار ساہو غازی کی یاد میں لگنے والے میلے کو بھی اجازت نہیں ملی ہے۔ 14 مئی سے لگنے والے اس میلے کی تیاریاں چل رہی تھیں، لیکن اس کے خلاف ہندو تنظیموں کی جانب سے آوازیں بھی بلند ہو رہی تھیں۔ اسی مخالفت کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس نے میلہ کو اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔

پولیس نے نظامِ قانون بگڑنے کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے حضرت سید سالار ساہو غازی کی یاد میں لگنے والے میلہ کو روکنے کی پیروی کی۔ بارہ بنکی کے سترکھ میں واقع سید سالار ساہو غازی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ محمود غزنوی کے سپہ سالار تھے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ سید سالار ساہو غازی رشتہ میں سید سالار مسعود غازی کے والد تھے۔ یعنی پہلے بیٹے کی یاد میں لگنے والے میلہ کو یوپی انتظامیہ کی منظوری نہیں ملی، اور اب والد کی یاد میں لگنے والے میلہ کو بھی اجازت نہیں دی گئی ہے۔


پولیس نے جو اپنی رپورٹ تیار کی ہے، اس کے مطابق سید سالار ساہو غازی کی یاد میں منعقد ہونے والے میلہ کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سترکھ کے تھانہ انچارج نے میلے کے انعقاد سے نظامِ قانون متاثر ہونے کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے اسے روکنے کی پیروی کی ہے۔ کئی ہندو تنظیمیں سنبھل اور بہرائچ کے بعد اس درگاہ پر بھی میلہ نہ لگائے جانے کا مطالبہ زور و شور سے کر رہے تھے۔ ظاہر ہے، انتظامیہ نے ان کے مطالبہ کو قبول کر لیا ہے۔

اس درمیان سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی ترجمان نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ اب حملہ کرنے والوں کی نہیں، محافظوں کی پوجا ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ہندوستان کی زمین بھگوان شری رام، یوگیشور کرشن اور سمراٹ اشوک جیسی عظیم ہستیوں کی زمین ہے۔ یہاں اُن غیر ملکی حملہ آوروں کے نام پر میلہ کیا جانا ہتک آمیز ہے، جنھوں نے ہندوستانی ثقافت کو روند کر رکھ دیا۔


واضح رہے کہ بارہ بنکی ضلع کے سترکھ علاقہ میں موجود سید سالار غازی عرف بوڑھے بابا کی مزار پر 14 سے 18 مئی تک مجوزہ میلہ اور عرس کو انتظامیہ کے ذریعہ نظامِ امن بحال رکھنے کی کوششوں کے تحت منسوخ کیا گیا ہے۔ اسے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے ایک بہتر اور قابل استقبال قدم بتایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔