کورونا: راجستھان حکومت نے نائٹ کرفیو ہٹایا، مذہبی مقامات کو بھی کھولنے کی اجازت

گہلوت حکومت نے لوگوں کو ہو رہی پریشانیوں اور کووڈ معاملوں میں آ رہی کمی کو دیکھتے ہوئے اسکول کھولنے کے بعد نائٹ کرفیو ہٹانے اور مذہبی مقامات کو کھولنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔

راجستھان اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
راجستھان اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجستھان حکومت نے جمعہ کو کورونا وائرس کے کم ہوتے معاملوں کے مدنظر پابندیوں میں ڈھیل دینے کے لیے ترمیم شدہ گائیڈلائنس جاری کی ہے جس میں مذہبی مقامات کو کھولنے کے ساتھ ہی رات 11 بجے سے صبح پانچ بجے تک کے نائٹ کرفیو کو ہٹانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔

ہفتہ سے نافذ نئے گائیڈلائنس میں تیسری لہر کے مدنظر بند کیے گئے سبھی مذہبی مقامات کو بھی کھول دیا گیا ہے اور مندروں میں بھکت اب پرساد اور مالا چڑھا سکیں گے جو پہلے ممنوع تھے۔ ساتھ ہی شادی تقاریب، سماجی تقاریب، عوامی تقاریب اور مذہبی سرگرمیوں میں 100 لوگوں کے شامل ہونے کی حد کو بڑھا کر اب 250 کر دیا گیا ہے۔


علاوہ ازیں شادی تقاریب میں اب بینڈ باجہ والوں کے استعمال کی بھی اجازت ہوگی اور انھیں 250 کی طے حد سے الگ رکھا گیا ہے۔ حالانکہ لوگوں کو اس کی جانکاری انتظامیہ کو دینی ہوگی۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے پہلے درجہ 10 سے 12 تک کے اسکولوں کو یکم فروری سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی، جب کہ درجہ 6 اور اس کے بعد کے اسکولوں کو 9 فروری سے کھولنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

گہلوت حکومت نے لوگوں کو ہو رہی پریشانیوں اور کووڈ معاملوں میں آ رہی کمی کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا ہے۔ حالانکہ ریاست کے محکمہ داخلہ کے ذریعہ جاری حکم کے مطابق ابھی کچھ پابندیاں جاری رہیں گی۔ یہ حکم 5 فروری سے ہی نافذ ہو جائے گا۔ راجستھان میں جمعہ کو کورونا کے 5937 نئے معاملے ملے اور 21 اموات درج کی گئیں۔ اسی کے ساتھ ریاست میں اب کورونا کے 54869 سرگرم معاملے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */