لالو یادو سے ملاقات کے بعد سابق وزیر نے کہا ’جلد گرنے والی ہے نتیش حکومت‘

آر جے ڈی رکن اسمبلی سریندر یادو نے یہ بھی کہا کہ بہار میں بے ایمانی سے مہاگٹھ بندھن کو ہروایا گیا ہے اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب ختم ہونے کے بعد بہار میں نتیش حکومت کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بہار میں این ڈی اے کی حکومت ضرور بن گئی ہے، لیکن سیاسی گلیاروں میں کئی ایسی خبریں گشت کر رہی ہیں جو نتیش حکومت کے استحکام پر سوالیہ نشان لگا رہی ہیں۔ اب آر جے ڈی کے تین لیڈروں کا ایک بیان سامنے آیا ہے جو وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے فکر انگیز ہے۔ دراصل ہفتہ کے روز بیلا گنج سے سابق آر جے ڈی رکن اسمبلی و سابق وزیر، سابق رکن اسمبلی نواز احمد اور لوک سبھا امیدوار رہے محمد فیصل نے پارٹی سربراہ لالو پرساد یادو سے رانچی واقع ریمس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد سریندر یادو نے کہا کہ بہت جلد نتیش حکومت گرنے والی ہے اور اس کے لیے آر جے ڈی کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس ملاقات کے حوالے سے ہندی نیوز پورٹل ’نیوز 18‘ پر ایک خبر شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ریمس کے پیئنگ وارڈ میں لالو یادو سے ملاقات کے بعد سریندر یادو نے ان کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی۔ اس دوران سریندر یادو نے یہ بھی کہا کہ بہار میں بے ایمانی سے مہاگٹھ بندھن کو ہروایا گیا ہے اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب ختم ہونے کے بعد بہار میں نتیش حکومت کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ آر جے ڈی کسی جلدبازی میں نہیں ہے کیونکہ نتیش حکومت گرانے کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، نتیش کی قیادت والی بہار حکومت خود گر جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔