نو تشکیل رام مندر ٹرسٹ پر اوما بھارتی نے اٹھائے سوال

اوما بھارتی کا کہنا ہے کہ ’’رام مندر کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اگلا قدم ’رام راج‘ کی طرف اٹھانا ہوگا۔ اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی لگاتار کام کر رہے ہیں۔‘‘

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کی سینئر لیڈر اور ہندوتوا کا معروف چہرہ اوما بھارتی نے نوتشکیل رام مندر ٹرسٹ یعنی ’شری رام جنم بھومی تیرتھ استھل چھیتر‘ سے متعلق ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ او بی سی (دیگر پسماندہ طبقہ) کے کسی شخص کو نوتشکیل رام مندر ٹرسٹ میں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اس طبقہ نے بھی رام مندر تحریک میں حصہ لیا تھا۔ رام جنم بھومی تحریک کے سرفہرست لیڈروں میں سے ایک اوما بھارتی نے ’شری رام جنم بھومی تیرتھ استھل چھیتر‘ تشکیل دیے جانے کو خوش آئند قرار دیا لیکن جس طرح انھوں نے او بی سی طبقہ کے کسی شخص کو اس ٹرسٹ میں شامل نہ کیے جانے پر سوال اٹھایا ہے، وہ ظاہر کرتا ہے کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔

اوما بھارتی نے یہ باتیں ’دی انڈین ایکسپریس‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’کلیان سنگھ سے شروع ہو کر ونے کٹیار اور خود، رام جنم بھومی تحریک کی قیادت او بی سی طبقہ کے لوگوں نے کیا۔ لیکن جب حکومت نے ٹرسٹ میں کسی سیاسی لیڈر کو شامل نہیں کرنے کا فیصلہ کیا تو سیاست سے باہر کے کچھ او بی سی طبقہ کے فرد کو شامل کیا جانا چاہیے تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے دلت طبقہ سے ایک شخص (کامیشور چوپال) کو نامزد کیا ہے... اچھی بات ہے، لیکن بہتر ہوتا اگر او بی سی طبقہ کا ایک شخص بھی اس میں شامل ہوتا۔ رام مندر تحریک سبھی ہندوؤں کے ذریعہ کیا گیا تھا، لیکن اس کا قیادت او بی سی کے ہاتھوں میں تھی۔‘‘


دہلی اسمبلی الیکشن کے لیے ووٹنگ سے ٹھیک پہلے رام مندر ٹرسٹ تشکیل دیے جانے کے قدم پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اوما بھارتی نے کہا کہ ’’اس سے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑنے والا۔ دہلی الیکشن سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اتر پردیش میں 1993 کے اسمبلی انتخابات میں بھی (بابری مسجد انہدام کے بعد) بی جے پی نہیں جیت پائی تھی۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’ہندو مندر کے ایشو کو مذہبی شکل میں دیکھتے ہیں، لیکن جب وہ بی جے پی ے بارے میں سوچتے ہیں تو وہ مذہبی نہیں بلکہ سیاسی نظریہ رکھتے ہیں۔‘‘

رام مندر تعمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے اوما بھارتی نے کہا کہ ’’رام مندر کی تعمیر کے بعد اگلا قدم ’رام راج‘ کی طرف اٹھانا ہوگا۔ اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی لگاتار کام کر رہے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ’’رام مندر ریڑھ (خود داری) کی جنگ تھی، رام راج پیٹ کے لیے جنگ ہوگی۔ ہندوستان خوش قسمت ہے کہ مودی وزیر اعظم ہیں جو ہمیں اس طرف (رام راج کی طرف) لے جانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Feb 2020, 11:13 AM