اجیت پوار کے نائب وزیر اعلیٰ بننے کے بعد سنجے راوت کا بیان ’عوام اس کھیل کو برداشت نہیں کریں گے‘

مہاراشٹر میں سیاسی پیش رفت کے درمیان شیوسینا (اُدھو ٹھاکرے دھڑے) کے لیڈر سنجے راوت کا بیان سامنے آیا ہے۔ سنجے راوت نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ لوگ اس کھیل کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کریں گے۔

سنجے راؤت / ٹوئٹر / @ANI
سنجے راؤت / ٹوئٹر / @ANI
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست میں بڑی ہلچل مچ گئی ہے۔ یہاں این سی پی لیڈر اجیت پوار شندے حکومت میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہیں نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا، جبکہ ان کے ساتھ پارٹی کے 18 ارکان اسمبلی بھی پارٹی تبدیل کر چکے ہیں۔ اس میں سے بھی 9 ایم ایل ایز کو عہدہ وزارت کا حلف دلایا جائے گا۔ اس دوران شیوسینا (ادھو ٹھاکرے دھڑے) کے لیڈر سنجے راوت کا بیان سامنے آیا ہے۔

مہاراشٹر میں اس سیاسی پیش رفت پر سنجے راوت نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ کچھ لوگوں نے مہاراشٹر کی سیاست کو صاف کرنے کی پہل کی ہے۔ انہیں اپنے طریقے سے چلنے دو۔ میری ابھی شرد پوار جی سے بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں مضبوط ہوں۔ ہمیں عوام کی حمایت حاصل ہے۔ ہم ادھو ٹھاکرے کے ساتھ دوبارہ سب کچھ بنائیں گے۔ ہاں لوگ اس کھیل کو زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔


ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کے اعلیٰ ذرائع نے انڈیا ٹوڈے/آج تک کو بتایا کہ شیو سینا (ادھو ٹھاکرے دھڑے) کے سینئر لیڈروں کو کل شام اس پیش رفت کے بارے میں مطلع کیا گیا۔ آج صبح بھی یو بی ٹی کے ایک سینئر لیڈر کو این سی پی کے ایک سینئر لیڈر کا فون آیا جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ آج ایسا ہو سکتا ہے۔

یو بی ٹی کے سینئر لیڈر نے بتایا کہ پہلے انہیں حلف لینے دیں، اس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔ ادھو ٹھاکرے دھڑے کے لیڈر کا کہنا ہے کہ ای ڈی نے اس میں بڑا رول ادا کیا ہے کیونکہ اجیت پوار کے ساتھ جانے والوں میں سے زیادہ تر کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس ہیں۔


سنجے راوت نے نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج وزیر کے طور پر حلف لے رہے ہیں، بی جے پی انہیں جیل بھیجنے والی ہے۔ خیال رہے کہ مہاراشٹر میں ایک بڑی سیاسی پیش رفت ہوئی ہے۔ اجیت پوار نے اپنے کئی ساتھیوں کے ساتھ ایکناتھ شندے حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔