ایئر انڈیا اور انڈیگو کے بعد ’اکاسا ایئر‘ نے بھی ’فیول سرچارج‘ وصول کرنے کا کیا اعلان
اکاسا ایئرلائنس کے ترجمان کے ذریعہ جاری بیان کے مطابق 15 مارچ سے ٹکٹ بکنگ پر نیا فیول سرچارج نافذ ہو جائے گا۔ یہ اصول صرف گھریلو نہیں، بلکہ بین الاقوامی پروازوں پر بھی نافذ ہوگا۔

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ بین الاقوامی بازار میں طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کا سبب بن گیا ہے۔ اس اضافی خرچ کا بوجھ ایئرلائنس اب براہ راست عام مسافروں کے کندھوں پر ڈال رہی ہیں۔ ملک کی اہم ہوابازی کمپنیوں ایئر انڈیا اور انڈیگو کے بعد اب ’اکاسا ایئر‘ نے بھی اپنے مسافروں سے اضافی ’فیول سرچارج‘ وصول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اکاسا ایئرلائنس کے ترجمان کے ذریعہ جاری بیان کے مطابق 15 مارچ سے ٹکٹ بکنگ پر نیا فیول سرچارج نافذ ہو جائے گا۔ یہ اصول صرف گھریلو نہیں، بلکہ بین الاقوامی پروازوں پر بھی یکساں طور سے نافذ ہوگا۔ راحت کی بات صرف اتنی ہے کہ جن مسافروں نے 15 مارچ سے قبل ہی اپنی ٹکٹ بک کرا لی ہے، انھیں یہ اضافی رقم ادا نہیں کرنی ہوگی۔ یہ سرچارج ہر فلائٹ کے روٹ اور دوری کی بنیاد پر طے کیے جائیں گے۔ اس کا براہ راست حساب یہ ہے کہ آپ کی پرواز جتنی طویل ہوگی، آپ کو اتنا ہی زیادہ سرچارج ادا کرنا ہوگا۔ اکاسا ایئر کے مسافروں کو اب اپنی ٹکٹ پر 199 روپے سے لے کر 1300 روپے تک کی اضافی ادائیگی کرنی پڑے گی۔
ہوابازی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایئرلائن کے آپریشن میں سب سے بڑا خرچ ’ایویشن ٹربائن فیول‘ (اے ٹی ایف) کا ہی ہوتا ہے۔ موجودہ حالات میں اچانک آئی اس تیزی نے ایئرلائنس کے پورے بجٹ اور نیٹورک نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اسی بھاری خرچ کے ازالہ کے لیے انڈیگو نے بھی اپنے سبھی گھریلو اور بین الاقوامی روٹوں پر 14 مارچ 2026 کی رات 12.01 بجے سے ایندھن ٹیکس بڑھانے کا سخت قدم اٹھایا ہے۔
انڈیگو کے نئے ریٹ کارڈ کے مطابق ہندوستان کے اندر اور برصغیر ہند کی پروازوں کے لیے مسافروں کو 425 روپے کا اضافی ٹیکس دینا ہوگا۔ وہیں مشرق وسطیٰ کے لیے یہ ٹیکس 900 روپے، جنوب مشرقی ایشیا و چین کے لیے 1800 روپے، افریقہ و ویسٹ ایشیا کے لیے 1800 روپے، اور یوروپ جانے والی پروازوں کے لیے 2300 روپے طے کیا گیا ہے۔ کل سے ٹکٹ بک کرنے والے مسافروں کو پہلے کے مقابلے کافی زیادہ جیب ڈھیلی کرنی ہوگی۔ مسافروں کی جیب پر قینچی چلانے کا آغاز 12 مارچ کو ہی ہو گیا تھا، جب ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے سب سے پہلے پروازوں کی ٹکٹوں پر 399 روپے کا اضافی ایندھن ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔