ترنمول بل بورڈ تنازعہ معاملے میں ابھیشیک بنرجی کے بعد کولکاتا پولیس نے ڈیرک اوبرائن کو جاری کیا نوٹس
نوٹس میں مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کو یکم ستمبر کی دوپہر تک شیکسپیئر سرانی پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔

کولکاتا پولیس نے اتوار کے روز ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا رکن ڈیرک اوبرائن کو وسطی کولکاتا کی کیمک اسٹریٹ واقع ابھیشیک بنرجی کے پارٹی دفتر کی چھت سے غیر قانونی بل بورڈ ہٹانے کے معاملے میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں سمن جاری کیا۔ نوٹس میں پارٹی کے راجیہ سبھا رکن کو 31 اگست کی دوپہر تک شیکسپیئر سرانی پولیس اسٹیشن میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ اتفاق سے ہفتے کی رات اسی پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکار ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کے ڈائمنڈ ہاربر لوک سبھا رکن ابھیشیک بنرجی کی رہائش پر پہنچے اور انہیں بھی اسی معاملے میں سمن جاری کیا۔
نوٹس میں مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے بنرجی کو یکم ستمبر کی دوپہر تک شیکسپیئر سرانی پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ اتوار کی صبح تقریباً 9 بجے شیکسپیئر سرانی پولیس اسٹیشن کے اہلکار جنوبی کولکاتا کی پرنس انور شاہ روڈ واقع اوبرائن کے گھر پہنچے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ کئی بار دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد اوبرائن کا ایک نمائندہ باہر آیا اور ہمارے اہلکاروں نے اسے پوچھ گچھ کا نوٹس سونپ دیا۔ حالانکہ نہ تو بنرجی اور نہ ہی اوبرائن نے یہ واضح کیا کہ وہ پولیس اسٹیشن میں حاضر ہوں گے اور اس معاملے میں پوچھ گچھ کا سامنا کریں گے یا نہیں۔
جمعرات کی دوپہر کیمک اسٹریٹ پر اس وقت کشیدگی پھیل گئی، جب کولکاتا میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے ملازمین پولیس اہلکاروں کے ساتھ ابھیشیک بنرجی کے کیمک اسٹریٹ واقع دفتر میں غیر قانونی بل بورڈ ہٹانے کے لیے پہنچے۔ حالانکہ کے ایم سی کے ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو ابھیشیک بنرجی، اوبرائن اور ترنمول کانگریس کے دیگر لیڈران کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس اہلکاروں اور پارٹی کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اس معاملے میں شیکسپیئر سرانی پولیس اسٹیشن میں درج 3 ایف آئی آر میں شہر کی پولیس نے ترنمول کانگریس کے کارکنوں پر نہ صرف ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے، بلکہ ایک خاتون پولیس افسر کی عزت مجروح کرنے کی کوشش کا بھی الزام لگایا ہے۔ اس معاملے میں درج 3 ایف آئی آر میں سے 2 میں بنرجی، اوبرائن اور ترنمول کانگریس کے دیگر رہنماؤں، جیسے ہمایوں کبیر اور بیشونار چٹرجی کے نام شامل ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں اب تک 14 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
