افغانستان: طالبانی حملے میں 15 سیکورٹی اہلکار اور 29 جنگجو ہلاک

صوبہ قندھار کے جنوبی علاقے میں سرحدی شہر اسپنبولدک میں ایک چیک پوسٹ پر جمعہ کی دیر رات طالبان باغیوں کے حملے میں افغان سرحدی پولس کے 15 اہلکاروں کی موت اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کابل: افغانستان میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران طالبان کے مختلف حملوں میں 15 پولس اہلکار ہلاک اور دیگر سات زخمی ہو گئے جبکہ سیکورٹی دستوں کی کارروائی میں 29 جنگجو مارے گئے۔ صوبہ قندھار کے جنوبی علاقے میں سرحدی شہر اسپنبولدک میں ایک چیک پوسٹ پر جمعہ کی دیر رات طالبان باغیوں کے حملے میں افغان سرحدی پولس کے 15 اہلکاروں کی موت اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔

ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت مخالف جنگجوؤں نے ضلع اسپن بولدک کے لوئے کارج علاقے میں چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں افغان سرحد پولس کے 15 اہلکار ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری طور پر جلد ہی میڈیا کو اس سلسلے میں معلومات فراہم کریں گے۔

اس درمیان فوج کے جنوبی علاقوں کے ترجمان احمد صادق عیسیٰ نے حملے کی تصدیق کی لیکن اس حملے میں کسی کے زخمی نہ ہونے کی بات بھی کہی گئی۔

دوسری طرف قندھار حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طالبان جنگجوؤں نے ضلع اسپنبولدک کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، یہاں سیکورٹی دستوں کے ساتھ ان کی جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں 7 پولس اہلکار اور 16 جنگجو ہلاک ہو گئے۔ بیان کے مطابق رات بھر دونوں جانب سے گولہ باری میں چار سیکورٹی اہلکار اور11 جنگجو بھی زخمی ہو گئے۔

اس درمیان افغانسان میں صوبہ فریاب کے ضلع المار میں طالبان کے خلاف فوج کی کاروائی میں 13 باغی جنگجو مارے گئے۔ فوج کے ترجمان نے سنیچر کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ سیکورٹی دستوں نے جمعہ کے روز ضلع المار میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف مہم چلا کر ان کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے ذخائر کو تباہ کر دیا۔ فوج کی اس کاروائی میں 13 جنگجو مارے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔