دہلی: سروجنی نگر مارکٹ کے ہجوم کی تصویر وائرل، انتظامیہ نے آناً فاناً میں نافذ کیا طاق و جفت کا اصول

اس مسئلہ پر دہلی ہائی کورٹ نے بھی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سروجنی نگر تھانہ انچارج کو طلب کیا تھا اور کہا تھا کہ اس طرح وبا ہی نہیں پھیلے گی بلکہ انفیکشن کا دھماکہ ہوگا اور سینکڑوں افراد فوت ہو سکتے ہیں

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: نئی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات اور اومیکرون کے خطرے کے درمیان دہلی کے سروجنی نگر مارکیٹ میں ہجوم کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیدار ہوئی ہے، جس کے بعد بازار کو ویک اینڈ پر طاق و جفت اصول کی بنیاد پر کھولنے کا حکم دیا ہے۔ 25 اور 26 دسمبر کو اختتام ہفتہ کے موقع پر بازار کو آڈ ایون کی بنیاد پر کھولنے کا حکم دیتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم سی کے حکم کے مطابق سروجنی نگر مارکیٹ کی دکانیں اب ہفتہ 25 دسمبر اور اتوار 26 دسمبر کو طاق و جفت اصول کی بنیاد پر کھلیں گی۔ این ڈی ایم سی نے ہفتے کی صبح بازار سے تجاوزات ہٹانا بھی شروع کر دی ہے۔ کارروائی کرتے ہوئے ان تمام دکانداروں کا سامان ضبط کر لیا گیا، جنہوں نے جگہ پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے۔ نیز دہلی پولیس نے بھی بازار میں بھیڑ کو کنٹرول کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔


دریں اثنا، این ڈی ایم سی کے ملازمین اور سول ڈیفنس کے لوگ مل کر لوگوں کو کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، وہیں ہاتھوں میں مائیک لے کر اعلانات بھی کر رہے ہیں۔ ہائی کورٹ کی ناراضگی کے بعد این ڈی ایم سی نے مارکیٹ کے تمام ذمہ داروں کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔

اس مسئلہ پر دہلی ہائی کورٹ نے بھی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سروجنی نگر تھانہ انچارج کو طلب کیا تھا اور کہا تھا کہ اس طرح وبا ہی نہیں پھیلے گی بلکہ انفیکشن کا دھماکہ ہوگا اور سینکڑوں افراد فوت ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔