اب جہانگیر پوری میں بھی بلڈوزر چلے گا! ایم سی ڈی نے کارروائی کے لئے مانگے 400 جوان

ہنومان جینتی کے دن دہلی کے جہانگیر پوری میں تشدد کے معاملے میں اب بلڈوزر کی بھی انٹری ہو گئی ہے ۔ غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کے لیے ایم سی ڈی شروع کرے گی مہم۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بلڈوزر جس کی انٹری اتر پردیش میں یوگی حکومت نے کی تھی وہاں سے مدھیہ پردیش کا سفر طے کرتا ہوا اب یہ بلڈوزر قومی راجدھانی دہلی کے جہانگیرپوری تک پہنچ گیا ہے۔ دہلی میں اپوزیشن بی جے پی نے جہانگیرپوری تشدد کے ملزمان کی طرف سے کی گئی غیر قانونی تعمیرات پر بلڈوزر چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے جہانگیر پوری علاقے میں غیر قانونی تعمیرات پر بلڈوزر چلانے کا اعلان کیا ہے۔

شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے، اس سلسلے میں شمال مغرب کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کو ایک خط لکھا گیا ہے، جس میں امن و امان کو سنبھالنے کے لیے دہلی پولیس کے 400 اہلکاروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 20 اور 21 اپریل کو جہانگیر پوری علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔

اب جہانگیر پوری میں بھی بلڈوزر چلے گا! ایم سی ڈی نے کارروائی کے لئے مانگے 400 جوان

غور طلب ہے کہ دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے بھی اس سلسلے میں شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کو خط لکھا تھا۔ دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کو لکھے ایک خط میں 16 اپریل کو ہنومان جینتی کے دن جلوس پر سماج دشمن عناصر کی طرف سے پتھراؤ کا ذکر کیا تھا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان سماج دشمن عناصر کو عام آدمی پارٹی کے مقامی ایم ایل اے اور میونسپل کونسلر کا تحفظ حاصل ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر آدیش گپتا نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ان شرپسندوں نے مقامی ایم ایل اے اور کونسلر کی حفاظت میں غیر قانونی تعمیرات کی ہیں۔ دہلی بی جے پی کے صدر نے شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کو خط لکھ کر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */