راجیو گاندھی کی شخصیت، عزم اور قائدانہ صلاحیت کو ظاہر کرنے والی حصولیابیاں

جے رام رمیش نے آنجہانی راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دینے کے لئے ایک ہی مدت کار حاصل ہوئی، جسے متعدد تاریخی اور دیر پا کامیابیوں کے لئے یاد کیا جائے گا

سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی / Getty Images
سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آج سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 78 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے اس موقع پر راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیر اعظم کے طور پر ملک کی خدمت کرنے کے لئے ایک ہی مدت کار حاصل ہوئی، جسے کئی تاریخی اور دیرپا کارناموں کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ جے رام رمیش نے راجیو گاندھی کے دور کی متعدد حصولیاباں بیان کیں جو ان کی شخصیت، عزم اور قائدانہ صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔

آئی ٹی کا انقلاب

راجیو گاندھی نے آئی ٹی انقلاب کی بنیاد رکھی، جس نے ہندوستان کو مکمل طور پر بدل دیا۔ انہوں نے ملک کو کمپیوٹر، ٹیلی کمیونیکیشن اور سافٹ ویئر کی ترقی کے دور میں داخل کیا۔ انہوں نے سماجی چیلنجوں کو حل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی مشن شروع کیا، جس سے بہت سے فوائد حاصل ہوئے۔ مثال کے طور پر ہندوستان ویکسین کی تیاری میں عالمی رہنما بن گیا اور ہم پولیو جیسی بیماری سے آزاد ہو گئے۔


آئینی اداروں اور خواتین کی بااختیاری

راجیو گاندھی نے پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن کے ساتھ آئینی حیثیت فراہم کرنے کی مہم کی ذاتی طور پر قیادت کی، جس کے بعد یہ ’خود حکمرانی‘ کے موثر اداروں کے طور پر ابھرے۔ ان اداروں کے لیے 1.4 ملین خواتین کا انتخاب ان کے عزم کے لیے اعزاز کے مترادف ہے۔

قیام امن کے معاہدے

راجیو گاندھی نے ہندوستان میں قیام امن کے لئے کافی کام کیا۔ ان کے دور میں آسام، پنجاب، میزورم اور دارجلنگ جیسے ملک کے شورش زدہ علاقوں میں امن بحال کرنے اور انہیں ترقی کی راہ پر واپس لانے کے لیے متعدد معاہدے کیے گئے۔


نوجوانوں کو حق رائے دہی

راجیو گاندھی کے دور میں 18 سال کے نوجوانوں کو حق رائے دہی حاصل ہوا۔ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے ملک کے ہر ضلع میں نوودیہ ودیالیوں کا نیٹ ورک بنایا گیا اور سوامی وویکانند کی یوم پیدائش کو قومی یوم نوجوان کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔

ماحولیات کا تحفظ

راجیو گاندھی نے گنگا کی صفائی کے لیے 'گنگا ایکشن پلان' اور بنجر زمین پر جنگلات لگانے کے لیے 'نیشنل ویسٹ لینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ' قائم کیا۔ انہوں نے نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک جامع قانون بنایا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے دور میں لبرلائزیشن کا عمل شروع کیا گیا۔ کانگریس کے منشور پر اس کی چھاپ تھی، جس نے 1991 کی اقتصادی اصلاحات کی راہ ہموار کی۔


موثر خارجہ پالیسی

راجیو گاندھی نے چین اور پاکستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات کیے اور اقوام متحدہ کو عالمی اور مکمل جوہری تخفیف اسلحہ کے لیے ایک ایکشن پلان پیش کیا۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات اور رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس ہندوستان کے اس بہادر بیٹے کو سلام پیش کرتی ہے اور اپنے آپ کو ان نظریات، اصولوں، اقدار اور مسائل کے لیے وقف کرتی ہے جن کی انہوں نے پوری زندگی پیروی اور حمایت کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Aug 2022, 10:12 AM
/* */