پونے کے بس اڈے پر 26 سالہ لڑکی سے زیادتی کا ملزم گرفتار، حکومت کی سخت سزا دلانے کی کوشش

پونے کے سوارگیٹ بس اڈے پر 26 سالہ لڑکی سے زیادتی کے ملزم دتاتریہ رامداس گاڈے کو پولیس نے شروڑ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم پر دیگر جرائم کے بھی مقدمات درج ہیں۔ حکومت نے سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

پونے کے سوارگیٹ بس اڈے پر 26 سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعے کے بعد پولیس نے ملزم دتاتریہ رامداس گاڈے کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو پولیس نے پونے کے شروڑ علاقے سے رات 1:30 بجے حراست میں لیا اور آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ گاڈے نے منگل کی صبح اس جرم کا ارتکاب کیا تھا، جس کے بعد سے وہ فرار تھا۔ پولیس نے اس کی تلاش کے لیے 13 ٹیمیں تشکیل دیں اور اس پر ایک لاکھ روپے کا انعام بھی رکھا گیا تھا۔

ملزم گاڈے شروڑ تعلقہ کے ایک کھیت میں چھپا ہوا تھا۔ پولیس نے شروڑ تعلقہ میں اس کے گاؤں میں بھی دبش دی تھی۔ جمعرات کی رات تقریباً 12 بجے گاڈے نے ایک گاؤں کے گھر پر دستک دی اور پانی طلب کیا، جس کے بعد وہ کھانے کی تلاش میں وہاں سے چلا گیا۔ اسی دوران ایک مخبر نے پولیس کو اس کی موجودگی کی اطلاع دی، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسے ایک کھیت سے گرفتار کر لیا۔

ڈی سی پی نکھل پنگلے کے مطابق، پولیس نے جدید تکنیک کا استعمال کیا اور ڈرون، ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے گاڈے کو تلاش کیا۔ حکومت نے ملزم کو سخت سزا دلوانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ حکومت اس کیس میں مجرم کو سزائے موت دلانے کی کوشش کرے گی۔


دتاتریہ رامداس گاڈے (37) پونے اور احمد نگر میں چوری، ڈکیتی اور چین اسنیچنگ کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔ وہ 2019 سے ضمانت پر تھا۔ پونے شہر اور دیہی پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا تھا، جبکہ گنے کے کھیتوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

یہ واقعہ پونے کے سوارگیٹ بس اڈے پر پیش آیا، جو مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ٹی سی) کے سب سے بڑے بس ڈپوز میں سے ایک ہے۔ متاثرہ خاتون، جو میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہے، منگل کی صبح 5:45 بجے بس کے انتظار میں کھڑی تھی کہ ملزم اسے باتوں میں الجھا کر ایک خالی بس میں لے گیا اور زیادتی کی۔

اس واقعے کے بعد مہاراشٹر کے ٹرانسپورٹ وزیر پرتاپ سرنائک نے اعلان کیا کہ 15 اپریل 2025 سے پہلے ایم ایس آر ٹی سی بس ڈپوز میں کھڑی تمام خراب بسوں کو ہٹا دیا جائے گا۔ مزید برآں، تقریباً 15000 بسوں میں جی پی ایس، پینک بٹن اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ سکیورٹی کو بڑھانے کے لیے خواتین گارڈز کی تعداد میں 15 سے 20 فیصد اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ملزم کی گرفتاری کے بعد حکومت اور عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ قصوروار پائے جانے پر اسے سخت ترین سزا دی جائے گی، جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سکیورٹی اقدامات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔