محرم کے جلوس کے دوران یو پی، آندھرا اور بنگال میں حادثے، 2 ہلاک، 35 زخمی

اس موقع پر کئی مقامات پر حادثات بھی پیش آئے جن میں دو افراد جان بحق جبکہ تقریباً 35 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثات اتر پردیش، مغربی بنگال اور آندھرا پردش میں پیش آئے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

محرم الحرام میں یوم عاشورہ کے موقع پر آج شیعہ عقیدت مندگان نے ماتمی جلوس نکالا اور تعذیہ نکال کر امام حسین کی عظیم شہادت کو یاد کیا۔ اس موقع پر کئی مقامات پر حادثات بھی پیش آئے جن میں دو افراد جان بحق جبکہ تقریباً 35 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثات اتر پردیش، مغربی بنگال اور آندھرا پردش میں پیش آئے۔

آندھرا پردیش

آندھرا پردیش کے کرنول ضلع میں اس وقت حادثہ ہوا جب لوگ محرم کا جلوس دیکھنے لئے چھتوں پر جمع تھے۔ دریں اثنا ایک چھت ٹوٹ گئی جس کی وجہ سے 15 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جن میں سے 5 لوگوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔


پولس اس معاملہ کی جانچ میں مصروف ہے اور زخمیوں کا اسپتال میں علاج و معالجہ جاری ہے۔

مغربی بنگال

مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں چھت گرنے کی وجہ سے ایک بچے کی موت ہو گئی اور ایک خاتون اور تین بچے زخمی ہو گئے۔ پولس نے بتایا کہ حادثہ پیر نورپور جنوبی منڈل پارہ گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب ایک زیر تعمیر عمارت سے بچے محرم کا جلوس دیکھ رہے تھے۔ اسی دوران چھت گر گئی جس میں 12 سالہ رمضان شیخ کی جان چلی گئی۔

اتر پردیش

اترپردیش میں ضلع سنبھل کے بہجوئی علاقے میں منگل کی صبح محرم کے موقع پر اکبر پور گاؤں میں تعذیہ بجلی کے تار میں الجھ گیا،جس سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ 15 لوگ جھلس گئے۔

پولس ترجمان نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً پونے چار بجے بہجوئی علاقے کے اکبرپور گاؤں میں بڑی تعداد میں لوگ تعذیہ لے کر جارہے تھے۔ زیادہ اونچائی ہونے کی وجہ سے تعذیہ بجلی کے تاروں میں الجھ گیا۔ اس حادثے میں کرنٹ لگنے سے 35 سالہ تسلیم کی موت ہوگئی اور 15 لوگ جھلس گئے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی لوگوں کو علاج کے لئے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اس میں کچھ لوگوں کی حالت نازک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔