اجمیر سے کولایت جا رہی مال بردار گاڑی بیکانیر میں حادثہ کا شکار، 37 ڈبے پٹری سے اترے
یہ حادثہ چانی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں فوری طور پر مقامی افراد پہنچے اور ریلوے ملازمین کی مدد کی۔ اس ریل حادثے کے سبب علاقے میں افراتفری مچی ہوئی ہے
جے پور: راجستھان کے بیکانیر ضلع میں ایک بڑے ٹرین حادثے کی خبر آ رہی ہے۔ یہاں پر اجمیر جا رہی ایک مال بردار گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے تقریباً 37 ڈبے پٹری سے اتر گئے، کئی ڈبوں کے تو پہیے بھی نکل گئے۔ یہ راحت کی بات ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ریلوے افسران کے مطابق مال بردار گاڑی میں سوار تمام ریلوے ملازمین محفوظ ہیں۔ اس حادثے کی وجہ سے ریل ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ حادثے کے بعد دو ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور متعدد ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
نارتھ ویسٹرن ریلوے کے سی پی آر او ششی کرن کے مطابق حادثہ صبح 7.30 بجے کے قریب پیش آیا۔ راحت اور بچاؤ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور پٹریوں کو صاف کرنے کا عمل شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جے پور میں زون کے ہیڈ کوارٹر سے ایک خصوصی ریلیف ٹرین بھی جائے حادثہ کے لئے روانہ کر دی گئی۔ خبروں کے مطابق یہ حادثہ چانی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ جہاں فوری طور پر مقامی گاؤں والے بھی پہنچ گئے اور ریلوے ملازمین کی مدد کی۔ اس ریل حادثے کے سبب علاقے میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔
نارتھ ویسٹرن ریلوے کے سی پی آر کے مطابق بیکانیر ڈویژن کے لال گڑھ-پھلودی سیکشن پر گجنیر- کولایت اسٹیشنوں کے درمیان مال بردار ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ سے درج ذیل ریل گاڑیاں متاثر ہوں گی: ٹرین نمبر 12468، جے پور- جیسلمیر ریل سروس آج صرف بیکانیر تک چلے گی، یعنی بیکانیر اور جیسلمیر کے درمیان جزوی منسوخ ہوگی۔ اسی طرح ٹرین نمبر 12467، جیسلمیر-جے پور جو 8 اکتوبر 25 کو جے پور سے روانہ ہوگی، جیسلمیر کے بجائے بیکانیر سے چلے گی یعنی جیسلمیر اور بیکانیر کے درمیان جزوی طور سے منسوخ رہے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔