بارہ بنکی میں حادثہ، ٹرک سے ٹکرائی جن رتھ بس، 24 لوگ زخمی، 9 کی حالت سنگین

لکھنؤ کی طرف جا رہے ٹرک نے اچانک بریک لگا دی، جس سے گورکھپور سے لکھنؤ جا رہی جن رتھ اے سی بس ٹرک میں پیچھے سے ٹکرا گئی۔ شدید زخمی  لوگوں کو ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ایودھیا-بارہ بنکی ہائی وے پر سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ ٹرک کے اچانک بریک لگانے کی وجہ سے پیچھے سے آرہی ایک بس اس میں گھس گئی۔ حادثے میں 24 لوگ زخمی ہو گئے جن میں 9 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ یہ حادثہ لکھنؤ-ایودھیا راستے پر منگل کی صبح قریب پانچ بجے اشرف پور گنگریلا کے قریب پیش آیا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق لکھنؤ کی طرف جا رہے ٹرک نے اچانک بریک لگا دی، جس سے گورکھپور سے لکھنؤ جا رہی جن رتھ اے سی بس ٹرک میں پیچھے سے ٹکرا گئی۔ بس میں ڈرائیور-خلاصی سمیت 41 لوگ سوار تھے۔ ٹکر سے بس میں سوار 24 لوگ زخمی ہو گئے۔ پٹرنگا اور موئی کی پولیس نے سبھی زخمیوں کو ایمبولنس سے سی ایچ سی رام سنیہی گھاٹ بھجوایا جہاں سبھی کا علاج چل رہا ہے۔ سنگین طور پر زخمی 9 لوگوں کو ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ گورکھپور سے جن رتھ اے سی بس تقریباً 50 لوگوں کو لے کر لکھنؤ جانے کے لیے نکلی تھی۔ کچھ مسافر ایودھیا میں اتر گئے تھے۔ بس میں بیٹھے زیادہ تر لوگ حادثے کے وقت گہری نیند میں تھے۔ بس ٹرک کو اوورٹیک کرنا چاہتی تھی لیکن اچانک بریک لگانے سے بس بے قابو ہو کر اس سے ٹکرا گئی۔ تیز رفتار ہونے کی وجہ سے بس کا ایک حصہ تباہ ہو گیا اور وہ ٹرک میں پھنس گئی۔ اچانک لگے جھٹکے سے بس کے پیچھے کی سیٹ اکھڑ کر آگے بیٹھے سواریوں پر آ گری۔ بس ڈرائیور اجیت شکلا کا پیر اور جسم بس میں پھنس گیا۔ بس میں بیٹھے لوگوں کو شدید چوٹیں آئیں۔

زخمیوں میں ونود کمار، رجت کمار، شفیق الرحمان، حامد رضا، ممتا، سوریانش، انل یادو، پورنیما، ریا، ہری اوم، سہراب، بھوانی چرن سنگھ، دلیپ کمار، ہری او پانڈے، رتیش کمار، گنیش، سمت سنگھ، سبران عالم، پرمانند تیواری، اروند کمار، بھیم، سرون کمار، شہباز خان، ڈرائیور رنجیت شکلا شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔