’طلبا پر اے بی وی پی کے غنڈوں کا حملہ ان کا حقیقی چہرہ سامنے لانے والا‘، یوپی کانگریس صدر اجئے رائے کا تلخ تبصرہ

اجئے رائے نے کہا کہ اے بی وی پی کے غنڈوں کا حملہ پوری طرح سے ان کے پوروانچل مخالف ایجنڈے کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ طلبا کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہم کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>آر ایم ایل اسپتال میں زخمی طالبہ سے ملاقات کرتے ہوئے یوپی کانگریس صدر اجئے رائے</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی یونیورسٹی طلبا یونین انتخابات کو لے کر سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ اے بی وی پی اور این ایس یو آئی دونوں ہی طلبا تنظیموں کے لیے سیاسی شخصیات تشہیر کرتے ہوئے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ آج اتر پردیش کانگریس کے صدر اجئے رائے دہلی یونیورسٹی کے تحت آنے والے کروڑی مل کالج کا دورہ کرنے والے تھے جہاں پوروانچل سے آئے کئی طلبا ان کا استقبال کرنے کے لیے کھڑے تھے۔ این ایس یو آئی کارکنان کا الزام ہے کہ اجئے رائے کی آمد سے عین قبل اے بی وی پی نے تشدد کا سہارا لیا اور این ایس یو آئی کے پوروانچل طلبا حامیوں پر حملہ کر دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ اس حملہ میں پوروانچل کے کچھ طلبا و طالبات زخمی ہو گئے ہیں، جن کا علاج دہلی کے آر ایم ایل اسپتال میں چل رہا ہے۔ اجئے رائے اور این ایس یو آئی قومی صدر ورون چودھری نے اسپتال کا دورہ کر زخمی طلبا سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد اجئے رائے نے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اے بی وی پی کا حقیقی چہرہ ہے۔ ان کا یہ عمل پوری طرح سے ان کے پوروانچل مخالف ایجنڈے کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ طلبا کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہم کبھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’این ایس یو آئی اس انتخاب کو زوردار انداز میں فتح حاصل کر دکھائے گا۔‘‘


اس موقع پر ورون چودھری نے پوروانچل طلبا اور این ایس یو آئی کے درمیان بڑھتی یکجہتی پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اے بی وی پی گھبرایا ہوا ہے، کیونکہ پوروانچل طلبا پوری طرح سے این ایس یو آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اے بی وی پی کی نفرت کبھی بھی ہماری محبت اور طلبا کی بھلائی کے تئیں ہمارے عزائم پر حاوی نہیں ہو سکتی۔ آنے والے انتخاب میں ہماری جیت یقینی ہے۔‘‘

اس درمیان کانگریس رکن پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا نے این ایس یو آئی صدر ورون چودھری کے ساتھ دہلی یونیورسٹی کے ساؤتھ کیمپس میں عالیشان اور جوش سے بھرپور روڈ شو کی قیادت کی۔ روڈ شو کے دوران بڑی تعداد میں پُرجوش طلبا و طالبات بھی دکھائی دیے، جو آئندہ دہلی یونیورسٹی طلبا یونین انتخابات میں این ایس یو آئی پینل کے تئیں اپنی حمایت کا جذبہ ظاہر کر رہے تھے۔ اس بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے دیپیندر ہڈا نے این ایس یو آئی پینل کی جیت کو لے کر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے پورا بھروسہ ہے، این ایس یو آئی پینل ڈوسو انتخابات میں زبردست جیت درج کرے گا۔‘‘


اپنے خطاب میں دیپیندر ہڈا نے آر ایس ایس اور بی جے پی کو ہدف تنقید بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جہاں آر ایس ایس-بی جے پی ہمارے ملک میں نفرت کی جڑیں مضبوط کرنے میں مصروف ہیں، وہیں این ایس یو آئی محبت اور اتحاد کا پیغام پھیلانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم پھر سے دہلی یونیورسٹی کیمپس میں ’محبت کی دکان‘ کھولیں گے۔‘‘ انھوں نے سبھی دہلی یونیورسٹی کے طلبا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس مرتبہ بدلاؤ کے لیے ووٹ کریں، این ایس یو آئی پینل نمبر 5225 کو ووٹ دیں، اور آئیے مل کر ایک ایسا کیمپس بنائیں جو اتحاد اور ترقی پر مبنی ہو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔