طلبا یونین انتخاب کا نتیجہ آتےہی الٰہ آباد یونیورسٹی میں اے بی وی پی کا ہنگامہ

الٰہ آباد یونیورسٹی میں ہوئے طلبا یونین انتخاب کا جمعہ کی شب نتیجہ آنے کے بعد یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر بمباری اور آتش زنی کا واقعہ ہوا۔ اس تشدد کے لیے اے بی وی پی کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الٰہ آباد یونیورسٹی کے طلبا یونین انتخاب میں دوسری بار سماجوادی چھاتر سبھا کے امیدوار نے پرچم لہرایا۔ لیکن جمعہ کی شب انتخابی نتیجہ برآمد ہوتے ہی یونیورسٹی اور آس پاس کے علاقے کا ماحول خراب ہو گیا۔ یونیورسٹی طلبا یونین انتخاب کا نتیجہ آنے کے بعد یونیورسٹی میں خوب ہنگامہ ہوا۔ ہاسٹل کے کمروں اور سڑک پر گاڑیوں میں آگ لگا دی گئی اور افرا تفری کا عالم رہا۔ منتخب صدر اودے پرکاش نے تشدد اور آتش زنی کے لیے اے بی وی پی کارکنان کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ حالات کو قابو میں کرنے کے لیے پولس انتظامیہ کے افسروں کو کافی مشقت کرنی پڑی۔

سماجوادی پارٹی کے طلبا لیڈروں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس تشدد کے پیچھے اے بی وی پی کارکنان کا ہاتھ ہے۔ انتخابی نتیجے اعلان ہونے کے بعد ہارنے والے امیدواروں کے حامی طلبا کے ایک گروپ نے ہالینڈ ہال ہاسٹل کے 5 کمروں میں آگ لگا دی جس میں سابق صدر اونیش یادو اور نومنتخب صدر اودے پرکاش یادو کا بھی کمرہ شامل ہے۔

ہنگامہ کرنے والے طلبا پر کتابیں اور تعلیمی دستاویز بھی جلانے کا الزام عائد ہوا ہے۔ اتنا ہی نہیں، ہنگامہ کرنے والے طلبا نے سڑکوں پر کھڑی کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کسی طرح آگ کو بجھایا، لیکن تب تک کافی سامان خاک ہو چکا تھا۔ مشتعل طلبا کو سمجھانے کی کوشش کرنے پہنچی پولس پر بھی مظاہرین طلبا نے پتھراؤ کیا۔ اس سے پورے علاقے میں بدنظمی کی حالت پیدا ہو گئی۔ اس معاملے میں پولس افسران کا کہنا ہے کہ ہاسٹل سے لے کر باہر تک بمباری اور آتش زنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ جمعہ کی دیر شب جاری انتخابی نتیجہ کے مطابق طلبا یونین انتخاب میں صدر عہدہ پر ایک بار پھر سماجوادی چھاتر سبھا کا قبضہ ہو گیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کی طلبا یونٹ کے اودے پرکاش نے 3698 ووٹوں سے فتح حاصل کی جب کہ نائب صدر عہدہ پر این ایس یو آئی کے اکھلیش یادو نے 2157 ووٹوں سے فتح درج کی۔ جنرل سکریٹری کے عہدہ پر اے بی وی پی کے شیوم سنگھ 2823 ووٹوں سے فتحیاب ہوئے اور جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر سماجوادی چھاتر سبھا کے ستیم سنگھ نے بازی ماری۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔