ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کے ساتھ بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی: ممتا بنرجی

ممتابنرجی نے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کے ساتھ بدسلوکی کی شکایات پر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خوف سے ان سے مکانات خالی کرائے جا رہے ہیں، جس کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا: ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملوں سے مکانات خالی کرانے اور محلوں میں بدسلوکی کی شکایات پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ملک کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ہمارے ڈاکٹرس، نرس، اور طبی عملہ رات دن کام کر رہے ہیں، مگر ان کے ساتھ بدسلوکی کی جا رہی ہے جو کہ بہت ہی افسوس ناک ہے۔ حکومت کسی بھی صورت میں اس کو برداشت نہیں کرے گی۔ ہماری پوری ہمدردی ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کے ساتھ ہے۔

ممتابنرجی نے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کے ساتھ بدسلوکی کی شکایات پر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسی شکایتیں موصول ہوئی ہیں کہ کورونا کے خوف سے ڈاکٹروں سے مکانات خالی کرائے جارہے ہیں اور اس طرح کی شکایات ملک کے دوسرے حصے سے بھی آئیں ہیں اور اب کولکاتا میں یہ شکایت موصول ہوئی ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے سے اس لئے مکانات خالی کرائے جا رہے ہیں کہیں اس کی وجہ سے کورونا وائرس نہ پھیل جائے۔


خیال رہے کہ اس سے قبل آل انڈیا میڈیکل سائنس دہلی کے ڈاکٹروں نے شکایت کی تھی کہ ان سے مالکان مکانات خالی کرا رہے ہیں کہ کہیں ہماری وجہ سے محلے میں کورونا وائرس نہ پھیل جائے۔ ایمس کے ڈاکٹروں کی شکایت اور ڈاکٹروں کی تنظیم کے ذریعہ تشویش کا اظہار کیے جانے پر دہلی پولس نے حرکت میں آگئی اور ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی شروع ہوئی۔

بنگال میں بھی ایک دو شکایات ملنے کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں کے ساتھ ہیں اور انہیں ہرطرح کی سہولیات فراہم کی جائے گی۔ وزیرا علیٰ نے پرائیوٹ اسپتالوں کے انتظامیہ سے کہا کہ وہ ڈاکٹروں کو مکمل سہولیات فراہم کریں۔ وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ ہنگامی خدمات میں شامل لوگوں کے لئے خصوصی آمد و رفت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔