اے بی پی- سی ووٹر ایگزٹ پول: اتراکھنڈ میں بن رہی کانگریس کی حکومت، باقی ریاستوں میں کشمکش والی حالت!

اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور سبھی ریاستوں کا ایگزٹ پول سامنے آ گیا ہے اور بیشتر ریاستوں میں حالت کشمکش والی نظر آ رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

7 مارچ کو اتر پردیش میں آخری مرحلے کی پولنگ جیسے ہی ختم ہوئی۔ سبھی ٹی وی چینلوں پر ایگزٹ پول آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور سبھی ریاستوں کا ایگزٹ پول سامنے آ گیا ہے اور بیشتر ریاستوں میں حالت کشمکش والی نظر آ رہی ہے۔ زیادہ تر سروے میں صرف اتر پردیش ہی ایسی ریاست ہے جہاں بی جے پی واضح اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دیتی ہوئی نظر آئی۔ لیکن گزشتہ مرتبہ کے مقابلے اس بار بی جے پی کو کافی نقصان ہو رہا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اے بی پی-سی ووٹر کا ایگزٹ پول کیا کہتا ہے۔

پنجاب:

اے بی پی-سی ووٹر نے پنجاب ریاست میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیے اچھی خبر سنائی ہے۔ 117 اسمبلی سیٹوں والی اس ریاست میں اس پارٹی کو 51 سے 61 سیٹیں ملتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ یہاں حکومت سازی کے لیے 59 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے اور اتنی سیٹیں مل سکتی ہیں، یا پھر اسے کسی کے تعاون کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ برسراقتدار کانگریس کو 22 سے 28 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بی جے پی اتحاد کو محض 7 سے 13 سیٹیں اور شرومنی اکالی دل اتحاد کو 20 سے 26 سیٹیں اور دیگر کو 1 سے 5 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔


اتراکھنڈ:

اتراکھنڈ میں اے بی پی-سی ووٹر نے کانگریس حکومت تشکیل پانے کی امید ظاہر کی ہے۔ یہاں 70 اسمبلی سیٹوں میں حکومت سازی کے لیے 36 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے اور کانگریس کو 32 سے 38 سیٹیں ملتی نظر آ رہی ہیں۔ بی جے پی کو یہاں 26 سے 32 سیٹیں مل سکتی ہیں اور عآپ کو صفر سے 2 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ دیگر کو 3 سے 7 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گوا:

گوا میں بہت ہی کشمکش کی صورت حال نظر آ رہی ہے۔ اے بی پی-سی ووٹر نے کانگریس کو 12 سے 16، بی جے پی کو 13 سے 17 اور ترنمول کانگریس کو 5 سے 9 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو بی جے پی اور کانگریس میں سے کوئی بھی حکومت بناتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ ایسا اس لیے کہ 40 اسمبلی سیٹوں والی اس ریاست میں حکومت سازی کے لیے 21 سیٹوں کی ضرورت پڑے گی۔ اس طرح دیکھا جائے تو ترنمول کانگریس کنگ میکر بن سکتی ہے۔ گوا میں عآپ کو محض ایک سے 5 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ دیگر کو صفر سے 2 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔


منی پور:

60 اسمبلی سیٹوں والی ریاست منی پور میں حکومت سازی کے لیے 31 سیٹوں کی ضرورت ہے، اور اے بی پی-سی ووٹر سروے میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ بی جے پی سب سے بڑی پارٹی ضرور بن رہی ہے جسے 23 سے 27 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ کانگریس دوسرے نمبر کی پارٹی بنتی دکھائی پڑی رہے جسے 12 سے 16 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ ان کے علاوہ این پی پی کو 10 سے 14 اور این پی ایف کو 3 سے 7 سیٹیں ملتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ دیگر کو 2 سے 6 سیٹیں مل سکتی ہیں۔

اتر پردیش:

اے بی پی-سی ووٹر نے اتر پردیش میں بی جے پی حکومت کی واپسی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ حالانکہ گزشتہ اسمبلی انتخاب کے مقابلے ریاست میں بی جے پی کو زبردست نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لیکن 403 اسمبلی سیٹوں والی اس ریاست میں حکومت سازی کے لیے ضروری 202 سیٹیں وہ آسانی سے حاصل کرتی دکھائی پڑ رہی ہے۔ سروے کے مطابق بی جے پی اتحاد کو 228 سے 244 سیٹیں، سماجوادی پارٹی اتحاد کو 132 سے 148 سیٹیں، بہوجن سماج پارٹی کو 13 سے 21 سیٹیں، کانگریس کو 4 سے 8 سیٹیں اور دیگر کو 2 سے 6 سیٹیں ملنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Mar 2022, 9:11 PM
/* */