عبداللہ اعظم کی ضمانت عدالت سے ہوئی منظور، لیکن جیل سے نہیں ہو سکے گی رِہائی!

عبداللہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ہی وہ جیل سے باہر آ سکتے ہیں، فی الحال وہ اتر پردیش کے ہردوئی واقع ضلع جیل میں بند ہیں۔

عبداللہ اعظم
عبداللہ اعظم
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے سرکردہ لیڈر اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو غیر قانونی پلاٹنگ کے ایک معاملے میں ایم پی-ایم ایل اے کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ سماعت کے دوران فریق دفاع کے وکیل کے ثبوتوں اور دلیلوں کی بنیاد پر انھیں عدالت سے ضمانت ملی ہے۔ حالانکہ وہ ابھی جیل سے باہر نہیں نکل پائیں گے کیونکہ کچھ قانونی پیچیدگیاں برقرار ہیں۔ عبداللہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ہائی کورٹ سے ضمتن ملنے کے بعد ہی وہ باہر آ سکتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس وقت عبداللہ اعظم اتر پردیش کے ہردوئی واقع ضلع جیل میں بند ہیں۔ انھیں جیل کے بیرک نمبر 21 میں رکھا گیا ہے۔ ہردوئی میں ہی اعظم خان کی سسرال اور عبداللہ اعظم کا نانیہال بھی ہے۔ اس سے ملحق سیتاپور جیل میں اعظم خان بکری چوری سمیت دیگر معاملوں میں سزا کاٹ رہے ہیں۔


بہرحال، عبداللہ اعظم کے وکیل زبیر احمد خاں نے بتایا کہ وہ دو پیدائش سرٹیفکیٹ کے معاملے سمیت نگر پالیکا کی سویپ مشینوں کی جوہر یونیورسٹی میں برآمد اور ندی کی زمین پر غیر قانونی پلاٹنگ کے معاملے میں سنائی گئی سزا کو کاٹ رہے ہیں۔ ان معاملوں میں سے ندی کی زمین پر غیر قانونی پلاٹنگ کے معاملے میں انھیں 16 اگست کو ایم پی-ایم ایل اے مجسٹریٹ کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ کچھ قانونی دقتیں برقرار ہیں، اس لیے ان کا جیل سے نکلنا مشکل ہے۔ وہ اس کے لیے ہائی کورٹ میں ضمانت ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس کے بعد ہی وہ باہر آ سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔