عباس انصاری نفرت انگیز تقریر کیس میں مجرم قرار، سزا کا اعلان جلد متوقع

مؤ کی عدالت نے ایس بی ایس پی کے ایم ایل اے عباس انصاری اور ان کے بھائیوں عمر اور منصور انصاری کو ہیٹ اسپیچ کیس میں مجرم قرار دیا ہے۔ دوپہر بعد سزا سنائی جائے گی، جس سے ان کی رکنیت متاثر ہو سکتی ہے

<div class="paragraphs"><p>عباس انصاری کی فائل فوٹو / تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے ضلع مَؤ میں واقع ایم پی ایم ایل اے کی عدالت نے ایس بی ایس پی (سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی) کے رکن اسمبلی عباس انصاری کو نفرت انگیز تقریر کے معاملے میں مجرم قرار دے دیا ہے۔ اس مقدمے میں ان کے بھائیوں عمر انصاری اور منصور انصاری کو بھی قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ عدالت دوپہر دو بجے کے بعد تینوں کو سزا سنا سکتی ہے۔

فیصلے کے اعلان سے قبل ہی کورٹ احاطے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس نے عدالت کے آس پاس کی تمام گلیوں کو سیل کر دیا تھا اور آنے جانے والوں کی سخت جانچ کی جا رہی تھی۔ اس دوران عباس انصاری کے کئی حامی کورٹ پہنچے اور احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے ایک حامی کو حراست میں لے لیا۔


یہ معاملہ 3 مارچ 2022 کا ہے، جب اسمبلی انتخابات کے دوران عباس انصاری نے مؤ کے پہاڑپور میدان میں ایک انتخابی جلسے میں کہا تھا کہ ’’حکومت بننے کے بعد ہم افسروں کو دیکھ لیں گے، پہلے حساب ان سے لیا جائے گا۔‘‘ ان کے اس بیان کو نفرت انگیز تقریر مانا گیا۔ اس پر سب انسپکٹر گنگا رام بند نے شکایت درج کروائی تھی۔

مقدمہ دفعہ 506 (مجرمانہ دھمکی)، 171ایف (انتخابی حق کا غلط استعمال)، 186 (سرکاری کام میں رکاوٹ)، 189 (سرکاری ملازم کو دھمکانا)، 153اے (مذہب یا ذات کی بنیاد پر نفرت پھیلانا) اور 120بی (مجرمانہ سازش) کے تحت درج کیا گیا تھا۔

استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے ثبوت اور دلائل کی روشنی میں عدالت نے عباس انصاری، ان کے بھائی اور چچا کو قصوروار مانتے ہوئے فیصلہ سنایا۔ اگر عباس انصاری کو دو سال یا اس سے زیادہ سزا سنائی گئی تو ان کی اسمبلی رکنیت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔


مؤ کی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں اس اہم فیصلے کا لوگوں کو بے چینی سے انتظار ہے۔ سزا کا اعلان ہوتے ہی اس کے سیاسی اثرات پر بھی بحث چھڑ سکتی ہے کیونکہ عباس انصاری یوپی کی سیاست میں ایک معروف مسلم چہرہ سمجھے جاتے ہیں اور ان کے والد مختار انصاری کو بھی کئی مقدمات میں سزا سنائی گئی تھی۔ ان کا 2024 میں انتقال ہو گیا تھا۔

عدالت کی جانب سے سزا کے اعلان کے بعد ممکن ہے کہ عباس انصاری ہائی کورٹ میں اپیل کریں، لیکن فی الحال سب کی نگاہیں اس بات پر ہیں کہ عدالت انہیں کتنی مدت کی سزا سناتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔