کانگریس کی تشہیری مہم کا نعرہ ’اب ہوگا نیاے‘، مودی کو راہل سے کھلی بحث کا چیلنج

کانگریس پارٹی نے ’اب ہوگا نیاے‘ نعرے کے ساتھ اپنی ملک گیر انتخابی مہم کی شرعات کی اور وزیر اعظم مودی کو راہل گاندھی کے ساتھ کم از کم آمدنی منصوبہ (نیاے) پر کھلی بحث کرنے کا چیلنج دیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے اتوار کو ’اب ہوگا نیاے‘ کے نعرے کے ساتھ اپنی ملک گیر انتخابی مہم کی شرعات کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ کم از کم آمدنی منصوبہ (نیاے) پر کھلی بحث کرنے کا چیلنج کیا۔

کانگریس لیڈر موتی لال ووہرا، راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما اور پارٹی کی میڈيا سیل کے سربراہ رنديپ سنگھ سرجےوالا نے یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں پارٹی کی انتخابی مہم کی باقاعدہ شروعات کی۔ اس موقع پر شرما نے کہا کہ ملک میں اس وقت حیرانی اور مایوسی کا ماحول ہے۔ اچھے دن کا وعدہ کرنے والوں نے ملک کو بہت خراب دن دکھائے ہیں۔ معاشرے کے بہت بڑے طبقے کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

آنند شرما نے کہا کہ کانگریس کی انتخابی مہم لوگوں کے جذبات اور قوم کی ترجیحات پر مبنی ہوگی۔ آج ملک میں نوجوان روزگار کی، خواتین کی حفاظت کی، کسان فصل کے بہتر دام کی طلب میں انصاف کی پکار کر رہا ہے۔ ملک کو کام، دام، احترام اور انصاف کی ضرورت ہے۔ حکومت نے وعدہ خلافی کی ہے۔ وزیر اعظم آج بھی کھوکھلےدعوے کرکے اپوزیشن کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہیں بتانا چاہئے کہ 2014 میں جو کہا تھا، ان وعدوں کا کیا ہوا۔ آج جو حالات خراب ہیں، اس کی ذمہ داری کس کی ہے؟

سرجےوالا نے بی جے پی کے قوم پرستی کے نعرے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قوم پرستی وزیر اعظم مودی یا بی جے پی صدر امت شاہ کی جاگیر نہیں ہے۔ کانگریس نے ملک کی تعمیر میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ دہشت گردی سے مقابلہ کیا ہے اور اپنے دو سب سے بڑے لیڈروں کی قربانی دی ہے اور ملک کے اتحاد و سالمیت برقرار رکھی ہے۔ ملک میں ایٹمی تجربہ 1974 میں ہوا تھا۔ 1975 میں آریہ بھٹ کو لانچ کیا جا چکا تھا۔ 1971 میں جب ملک میں ایک کروڑ پناہ گزین آ گئے تو فوج نے جنگ لڑ کر بنگلہ دیش بنوا دیا لیکن اندرا گاندھی نے کبھی کریڈٹ نہیں لیا۔ وزیر اعظم کو یہ مشورہ ہے کہ وہ حقیقی مسائل پر بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ مودی وزیر اعظم نہیں ہیں، در حقیت وہ تشہری وزیر اور لباسوں کی نمائش کےوزیر ہیں۔ نریندر مودی کی طرف سے ’نیاے‘ منصوبے کی تنقید کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گھبرا گئے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کا منشور پڑھا نہیں ہے۔ ان میں بات کرنے کی شائستگی تک نہیں ہے۔ کانگریس نے جو بھی وعدہ کیا ہے، اسے نبھایا ہے۔ ہم عوام کی ضرورت کو سمجھتے ہیں۔ مودی عوام کی غربت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ وہ اقتدار کے غرور میں اتنا ڈوب گئے ہیں کہ 25 کروڑ غریبوں کی توہین کر رہےہیں۔ ہر غریب گھر کی خاتون خانہ کے اکاؤنٹ میں سالانہ 72 ہزار روپے جائیں گے، اس سے انہیں نفرت کیوں ہو رہی ہے؟

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

سرجےوالا نے کہا کہ وہ مودی کو چیلنج کرتے ہیں کہ ایک طرف کانگریس، دوسری طرف ملک کے غریب اور تیسری طرف خود مودی آجائیں اور 'نیاے' اسکیم پر عوامی طور پر میڈیا کے سامنے کھلی بحث کریں۔ بحث کرنے کے لئے وہ خود آئیں، اپنے 'بوگس بلاگ منتری' کو نہ بھیجیں۔

کانگریس کی انتخابی مہم کے بارے میں آنند شرما نے بتایا کہ پارٹی ملک کے کونے کونے میں کنٹینر ٹرکوں کو روانہ کرے گی جس کے دونوں جانب کانگریس کی تشہیروالے پوسٹربورڈ پینٹ ہوں گے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا کے ہر پلیٹ فارم کا استعمال کیا جائے گا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

انہوں نے بتایا کہ اس بار تشہیری مہم کا نعرہ ہے ' اب ہوگا نیاے'۔ اس سے لوگوں کو جوڑ کر نوجوانوں کو روزگار، خواتین کو تحفظ، تاجروں کو آسان جی ایس ٹی، کسانوں کی بہبود وغیرہ موضوعات پر پوسٹر وغیرہ تشہیری مواد تیار کیا گيا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سرجےوالا نے کہا کہ کانگریس پارٹی، تشہیری وسائل کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تقریبا 30 ہزار کروڑ روپے کے اخراجات والی مہنگی تشہیری مہم کا مقابلہ نہیں کر پائے گی لیکن اس کے وعدوں اور نعروں میں حقیقت ہے اور اسی سے وہ بی جے پی کی تشہیری مہم کو شکست دے پائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔