’فوراً نافذ ہو صدر راج!‘ شعیب اقبال کا اپنی حکومت کو برطرف کرنے کا مطالبہ

شعیب اقبال نے کہا کہ وہ موجودہ دہلی اسمبلی میں سب سے سینئر رکن اسمبلی ہیں لیکن آج انہیں اس بات پر فخر نہیں ہورہا بلکہ بےعزتی محسوس ہو رہی ہے

شعیب اقبال / آئی اے این ایس
شعیب اقبال / آئی اے این ایس
user

سید خرم رضا

حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والےدہلی کے سب سے سینئر رکن اسمبلی شعیب اقبال نے اپنی ہی حکومت کے خلاف پرچم بلند کر دیا ہے ۔ شعیب اقبال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے جو دہلی میں حالات ہیں اور حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی ہے ایسے میں دہلی میں فورا صدر راج نافذ کیا جائے۔ شعیب اقبال کے مطالبہ کا سیدھا مطلب ہے اپنی کیجریوال کی قیادت والی حکومت کی برطرفی۔

پرانی دہلی کے علاقہ مٹیا محل سے رکن اسمبلی شعیب اقبال نے اپنا درد بیان کرتےہوئے کہا کہ ان کا دوست اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے لیکن وہ دواؤ ں کا انتظام نہیں کر پا رہے اور ان سے اپنی دوست کی بچیوں کو تڑپتے ہوئے نہیں دیکھا جا رہا ۔ شعیب اقبال نے کہا کہ وہ موجودہ دہلی اسمبلی میں سب سے سینئر رکن اسمبلی ہیں لیکن آج انہیں اس بات پر فخر نہیں ہورہا بلکہ بےعزتی محسوس ہو رہی ہے۔


شعیب اقبال نے اپنی حکومت کو کٹگھرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ، کہیں کوئی نوڈل افسر نہیں ہے اور حالات اتنے خراب ہو رہے ہیں کہ اگر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تو دہلی میں سب طرف لاشیں ہی لاشیں نظر آئیں گی۔

واضح رہے دہلی میں کیجریوال حکومت سے عوام میں ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے جس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ ان کو علاج کے لئے کوئی معقول انتظام نظر نہیں آ رہا اور ان کو در در کی ٹھوکریں کھانا پڑ رہی ہیں دوسرا یہ کہ پہلی لہر کے بعد بھی دہلی حکومت نے طبی سہولیات کو بہتر بنانےکےلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔


شعیب اقبال ایک منجھے ہوئے سیاست داں ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنے سیاسی پتہ بہت ہوشیاری سے کھیلے ہیں اور اگر انہو ں اس وقت اپنی حکومت کے خلاف بغاوت کا پرچم بلند کیا ہے تو اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دہلی کی سیاسی ہوا کس رخ چل رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Apr 2021, 11:40 AM