عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ ای ڈی کی تفتیش پر چراغ پا، کہا- ’کیجریوال، منیش، ستیندر سب کو زہر دے دو!‘

عآپ لیڈر لگاتار پریس کانفرنس کر کے شراب پالیسی معاملہ میں جاری ای ڈی کی تحقیقات پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ آج تیسری بار انہوں نے اس معاملہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ای ڈی پر نشانہ لگایا

سنجے سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
سنجے سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے شراب پالیسی معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے کی جا رہی تحقیقات پر سنگین سوالات اٹھائے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ اگر اتنا ہی مسئلہ ہے تو کیجریوال، منیش اور ستیندر کو زہر کی پُڑیا دے دو!

پریس کانفرنس شروع کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا ’’ای ڈی کی تحقیقات کس طرح جھوٹ کا پلندہ ہے، اس کا میں آج پھر انکشاف کرنے جا رہا ہوں۔ بی جے پی جو منیش سسودیا کے بارے میں بار بار کہتی ہے کہ 14 فون سمز کو تباہ کر دیا گیا ہے، اس کے بعد ہاتھ جوڑ کر معافی ضرور مانگے۔ اس پر ای ڈی نے جو رپورٹ درج کی ہے، تمام فون ابھی تک زندہ ہیں اور کوئی بھی تباہ نہیں ہوا۔ اس میں سے 5 فون ای ڈی نے ہی ضبط کیے ہیں۔ منیش سسودیا کے گھر میں ان کا خاندان اور ان کے ملازمین کام کرتے ہیں۔ ان سب کے نمبر اٹھائے گئے اور کہا گیا کہ فون تباہ ہو گئے ہیں۔ ان سب کے آئی ایم ای آئی نمبر بتا رہے ہیں کہ یہ فون اب بھی ای ڈی کے پاس ہیں۔


سنجے سنگھ نے مزید کہا ’’یہ ای ڈی کی تحقیقات کے جھوٹ کا ایک پلندہ ہے۔ یہ لوگ اب خود ثبوتوں کو تباہ کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ میں بی جے پی والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر اتنا ہی مسئلہ ہے تو زہر کی پڑیا بنا کر سب کو بانٹ دو۔ کیجریوال، منیش اور ستیندر جین کو زہر کی پڑیا دے دو۔ سب کچھ ختم کر دو۔ عدالت میں جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ گھر والوں کے نمبر بتا کر یہ بتایا جا رہا ہے کہ فون منیش سسودیا نے تباہ کر دیے تھے۔ اب بی جے پی کو معافی مانگنی چاہیے۔ آپ ایک ایسے شخص کو کیوں بدنام کر رہے ہیں جو لاکھوں بچوں کو بہتر تعلیم دینے کے لیے کام کر رہا تھا؟ جو بیان میرے خلاف نہیں دیا گیا وہ شامل کیا جا رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔