عآپ لیڈر ستیندر جین کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں، بیوی پر بھی لٹکی گرفتاری کی تلوار

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی بیوی پونم جین کو گرفتار کر سکتی ہے، ذرائع نے منگل کو یہ جانکاری دی۔

ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
ستیندر جین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی بیوی پونم جین کو گرفتار کر سکتی ہے، ذرائع نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ اس سے قبل ان کے شوہر کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا اور فی الحال وہ دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ ای ڈی پہلے ہی پونم جین کو جانچ میں شامل ہونے کے لیے 14 جولائی کو سمن بھیج چکی ہے۔ ای ڈی نے 30 مئی کو ستیندر جین کو پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے یکم جولائی کو دہلی کے وزیر صحت کے دو ساتھی ویبھو جین اور انکش جین کو گرفتار کیا تھا۔

ای ڈی نے ستیندر جین، ان کی بیوی پونم جین، اجیت پرساد جین، سنیل کمار جین، ویبھو جین اور انکش جین کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 13(2) کے ساتھ منسلک 13(1)(E) کے تحت 2017 میں سی بی آئی کے ذریعہ درج ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈنگ کی جانچ شروع کی تھی۔ سی بی آئی نے ستیندر جین، پونم جین اور دیگر ملزمین کے خلاف 3 دسمبر 2018 کو فرد جرم داخل کیا تھا۔ اس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ جین نے 14 فروری 2015 اور 31 مئی 2017 کے درمیان دہلی حکومت میں وزیر کی شکل میں عہدہ سنبھالتے ہوئے ملکیت جمع کی تھی، جو ان کی آمدنی کے معلوم ذرائع سے زیادہ تھی۔


سی بی آئی نے ستیندر جین، ان کی بیوی اور دیگر ملزمین پر انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت جرم کا الزام عائد کیا تھا۔ اس سال 31 مارچ کو ای ڈی نے جین کی ملکیت والی یا اختیار والی کمپنیوں کی 4.81 کروڑ روپے کی غیر منقولہ ملکیتوں کی عارضی طور پر قرقی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */