عآپ بلاک صدر، کارپوریشن امیدوار اور دیگر عہدیداروں کا کانگریس میں شامل ہونا ’کیجریوال کا جہاز‘ ڈوبنے کی علامت: دیویندر یادو

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے اینٹی ملیریا اور ایم ٹی ایس ملازمین کو ان کے مطالبات کے حق میں جاری بھوک ہڑتال پر مکمل حمایت دینے کا یقین دلایا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج پارٹی دفتر راجیو بھون میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کے متعدد لیڈران و کارکنان کو کانگریس کا پٹکا پہنا کر انھیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ اس موقع پر انھوں نے عآپ لیڈران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد دہلی میں عآپ کا وجود ختم ہوتا جا رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹی کے لوگ کانگریس کی نظریات اور قیادت کے تئیں اپنی وابستگی کا عزم لے کر پارٹی سے جڑ رہے ہیں۔ مستقبل میں یہ سب جھوٹ، فریب، بدعنوانی اور گمراہ کرنے والی طاقتوں کے خلاف عوامی ہیرو راہل گاندھی کی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہو کر دہلی کانگریس کی رہنمائی میں کام کریں گے۔

کانگریس میں شامل ہونے والوں میں سبھاش محلہ سے وارڈ 233 کے امیدوار رشید علی، کڑکڑ ڈوما کورٹ کے رکن صنف خان، ریشما خان، شبھم پانچال، تنشک جینت، روہت شرما، شعیب اقرا، فیروز ملک، کنچن شرما، سمرین سیفی، ترنم مرزا، رئیس انصاری، عارف وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مغربی دہلی لوک سبھا کے مٹیالہ اسمبلی سے دوارکا بی بلاک صدر جنوید یادو، ساحل رانا، تِلک نگر اسمبلی سے سکھویندر پال سنگھ، وکاس پوری اسمبلی سے سنیوگیتا، امید سنگھ سمیت سینکڑوں کارکنان ہیں۔ ان سبھی کو کانگریس کی رکنیت دلانے کے بعد دیویندر یادو نے کہا کہ یہ شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ دہلی میں کیجریوال کا جہاز ڈوب رہا ہے۔


اس درمیان دہلی کانگریس نے اینٹی ملیریا اور ایم ٹی ایس ملازمین کی ہڑتال کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے اینٹی ملیریا اور ایم ٹی ایس ملازمین کو ان کے مطالبات کے حق میں جاری بھوک ہڑتال پر مکمل حمایت دینے کا یقین دلایا ہے۔

اینٹی ملیریا ایکتا ایمپلائز یونین اور میونسپل ایمپلائز یونین کی قیادت میں منعقدہ احتجاج میں 12 زون کے ڈی بی سی/سی ایف ڈبلیو/ایم ٹی ایس کے سینکڑوں ملازمین اپنے مطالبات کو لے کر بی جے پی کے زیر انتظام دہلی میونسپل کارپوریشن کے خلاف ’سوک سنٹر‘ کے باہر دھرنے پر بیٹھے۔ اس موقع پر دیویندر یادو کے ساتھ کارپوریشن میں کانگریس کی لیڈر نازیہ دانش، ڈاکٹر پی کے مشرا، ضلع صدر مرزا جاوید علی، کارپوریٹر حاجی ظریف، سمیر منصوری اور پرمود جینت بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’جب کانگریس اقتدار میں تھی تو ڈی بی سی/سی ایف ڈبلیو/ایم ٹی ایس ملازمین کو کم از کم 6 ماہ کے روزگار کی ضمانت دی گئی تھی۔ دہلی حکومت کے تعاون سے انہیں پورے سال روزگار فراہم کرنے کا انتظام بھی کیا گیا۔ کانگریس نے ہمیشہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ان کے حقوق دلائے۔ اقتدار میں رہتے ہوئے بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیا اور ایک پالیسی بنا کر بے روزگاری پر روک لگائی تھی اور نوجوانوں کا بھروسہ جیتا تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔