دہلی: سگنیچر برج کے افتتاح سے پہلے عآپ اور بی جے پی رہنماؤں میں جھڑپ

منوج تیواری کا الزام ہے کہ امانت اللہ خان نے انہیں دھکا دیا جب کہ عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ منوج تیواری اور دیگر بی جے پی کارکنان تقریب میں رخنہ اندازی کے ارادے سے پہنچے تھے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں جمنا پر سگنیچر برج کے اتوار کو افتتاح سے پہلے ہی اس کا کریڈٹ لینے کی دوڑ میں عام آدمی پارٹی (آپ) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں کے مابین جھڑپ ہو گئی۔

بعد میں منوج تیواری نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان نے تقریب کے موقع پر انہیں دھکا دیا جب کہ عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ منوج تیواری اور دیگر بی جے پی کارکنان تقریب میں رخنہ اندازی کے ارادے سے پہنچے تھے۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیرآباد کے نزدیک جمنا ندی پر نو تعمیر شدہ سگنیچر برج کے افتتاح کے بید وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ سگنیچر برج منصوبے کو تاخیر کرنے کے لئے مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد حکومت جتنا کر سکتی تھی، اس نے وہ کیا۔ک

دہلی پردیش بی جے پی صدر اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے الزام لگایا کہ جب وہ افتتاح کے مقام پر پہنچے تو آپ کے حامیوں اور پولس نے انہیں روک لیا۔ تیواری نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی سگنیچر برج کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کا کریڈٹ لے رہی ہے، جبکہ اس کے لئے انہوں نے خود کوشش کی تھی اور اس منصوبے کے لئے 33 کروڑ روپے منظور كروائے تھے۔

انہوں نے کہا، "ہم افتتاح کے مقام پر پہنچے اور وزیر اعلی کا استقبال کرنا چاہا، لیکن ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں مقامی پولیس نے مجھے روک لیا۔ "

ادھر امانت اللہ خان نے منوتیواری کے الزامات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’منوج تیواری سگنیچر برج کی افتتاحی تقریب میں مدعو نہیں کئے گئے تھے اس کے باوجود وہ اپنے حامیوں کے ساتھ وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے ہمارے پوسٹر اور بینر پھاڑ دئے، سیاہ پرچم دکھائے اور ہمارے کارکنان پر حملہ کیا۔ جب اروند جی آئے تو وہ اسٹیج کے نزدیک آ گئے لیکن پولس نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی۔‘‘

کیجریوال نے ٹویٹ کیا، "بے مثال۔ سگنیچر برج افتتاح سائٹ پر بی جے پی کا ہنگامہ۔ یہ دہلی حکومت کا پروگرام ہے، پولس خاموش تماشائی۔ کیا لیفٹیننٹ گورنر سگنیچر برج کے افتتاح کے مقام پر امن و قانون کو برقرار رکھ سکتے ہیں ۔ "

نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بھی ٹویٹ کرکے پورے ہنگامے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

ادھر سگنیچر برج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے منصوبے میں تاخیر کرنے کے کے مقصد سے دہلی حکومت کے حکام، انجینئروں اور دیگر حکام اور منصوبے سے وابستہ افراد کو الگ الگ طریقوں سے دھمکیاں دیں لیکن ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی اور سگنیچر برج آخرکار عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے جس کا وہ کافی عرصے سے انتظار کررہے تھے۔‘‘

کیجریوال نے کہا، ’’میں سگنیچر برج کے لئے دہلی کے عوام کو مبارک باد پیش کرنا چاہوں گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Nov 2018, 8:11 AM