امرتسر میں عام آدمی پارٹی کا روڈ شو، نومنتخب ارکان اسمبلی کو کیجریوال کا انتباہ!

روڈ شو میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے عآپ کے نیشنل کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’پنجاب کے لوگوں نے کمال کر دیا۔ اب پنجاب کی ترقی ہی ترقی ہوگی۔ عام آدمی پارٹی نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے ہوں گے۔

امرتسر میں عآپ کا روڈ شو / ٹوئٹر / @AamAadmiParty
امرتسر میں عآپ کا روڈ شو / ٹوئٹر / @AamAadmiParty
user

قومی آوازبیورو

امرتسر: پنجاب اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت حاصل کرنے والی عام آدمی پارٹی نے آج امرتسر میں بڑے روڈ شو کا اہتمام کیا۔ اس روڈ شو میں عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال اور وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار بھگونت مان شامل ہوئے۔

روڈ شو میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے عآپ کے نیشنل کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’پنجاب کے لوگوں نے کمال کر دیا۔ اب پنجاب کی ترقی ہی ترقی ہوگی۔ عام آدمی پارٹی نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے ہوں گے۔ کسی وعدے میں وقت لگے گا تو کوئی جلد پورا ہوگا۔‘‘


اروند کیجریوال نے پارٹی کے نومنتخب ارکان اسمبلی کو انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی اگر اِدھر اُدھر ہوں گے تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا حیران ہے اور کسی کو یقین نہیں آ رہا ہے کہ پنجاب میں اتنا بڑا انقلاب برپا ہو گیا ہے۔

کیجریوال نے کہا کہ ’’یہ بہت بڑا انقلاب ہے اور ایسا صرف اور صرف پنجاب کے عوام ہی کر سکتے تھے، ورنہ دنیا میں کسی بھی شخص میں اتنی طاقت نہیں تھی۔ کئی برسوں کے بعد آج پنجاب کو ایماندار وزیر اعلیٰ میسر ہوا ہے۔ ریاست میں اب ایماندار حکومت قائم ہوگی۔’’


قبل ازیں، عآپ کے کنوینر اروند کیجریوال کے امرتسر ایئرپورٹ پہنچنے پر بھگونت مان نے گلدشتہ پیش کر کے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد اروند کیجریوال اور بھگونت مان امرتسر میں واقع گونڈن ٹیمپل میں پہنچے اور وہاں ماتھا ٹیکا۔ دونوں لیڈران گولڈن ٹیمپل کے علاوہ جلیانوالا باغ، درگیانا مندر اور والمیکی مندر بھی درشن کے لئے گئے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا بھی کیجریوال کے ساتھ موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔